سلمان خان باڈی گارڈ کے بیٹے کو فلمی دنیا میں متعارف کروانے کو تیار
اتوار 25 دسمبر 2022 8:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹائیگر سلمان خان کے 26 سال پرانے باڈی گارڈ کے بیٹے ہیں۔ (فوٹو: ابیر سنگھ/انسٹاگرام)
بالی وُڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے اپنے پُرانے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے کو سلور سکرین پر متعارف کروانے کی تیاریاں کرلی ہیں۔
انٹرٹینمنٹ کی خبروں کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ پنک ولا کے مطابق سلمان خان نے مشہور انڈین ہدایتکار ستیش کوشک سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کے باڈی گارڈ شیرا کے بیٹے ٹائیگر کے ساتھ فلم بنائیں۔
رپورٹ میں سلمان خان کے قریبی ذرائع سے منسوب کرکے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بالی وُڈ کے دبنگ خان نے ٹائیگر کی فلم کے لیے اداکاراؤں سے بھی رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے اور وہ اب تک تین ہیروئینوں سے اس فلم میں کام کرنے کے بارے میں بات کر چکے ہیں۔
یہ فلم جنوری 2023 میں بننا شروع ہو گی۔ واضح رہے شیرا سلمان خان کے سب سے پرانے باڈی گارڈ ہیں اور پچھلے 26 سالوں سے ان کے لیے سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
شیرا کا اصلی نام گُرمیت سنگھ ہے اور ان کے بیٹے جو ٹائیگر کے نام سے جانے جاتے ہیں ان کا اصل نام ابیر سنگھ ہے۔
2019 میں سلمان خان ایک انٹرویو میں کہہ چکے ہیں کہ ’شیرا کے بیٹے کو فلموں کے لیے تیار کیا جا رہا ہے اور انہیں کئی ہدایتکار اور فلمساز اپنی فلموں میں کام دینے کے لیے لیے غور کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’شیرا کا ماننا ہے کہ میں ان کے بیٹے کے لیے سکرپٹ کا اچھا انتخاب کر سکتا ہوں اور میں ابھی ان کے لیے سکرپٹ دیکھ رہا ہوں لیکن اب تک موجودہ کوئی قابل ذکر سکرپٹ ملی نہیں۔‘
شیرا کے بیٹے ٹائیگر اس سے قبل سلمان خان کی 2016 میں ریلیز ہونی والی فلم ’سلطان‘ کے لیے بحیثیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر چکے ہیں۔