راکھی ساونت سلمان خان کی باڈی گارڈ بننے کو تیار
انڈین گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان کو بھی قتل کی دھمکیاں ملی تھیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جب سے بالی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں، مداح ان کی سلامتی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔
انڈین شوبز ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق سلمان خان کی سلامتی کے لیے اداکارہ راکھی ساونت بھی دعا کر رہی ہیں۔ انہوں نے سلمان خان کی باڈی گارڈ بننے کی بھی پیشکش کی ہے۔
انڈین گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل کے بعد جون کے آغاز میں سلمان خان اور ان کے والد کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے اسلحہ لائسنس کے لیے درخواست دی تھی۔
ممبئی پولیس نے سلمان خان اور ان کے والد کو قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد اسلحے کے لائسنس جاری کر دیے تھے۔
سلمان خان کو اسلحے کا لائسنس دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ راکھی ساونت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بہت خوش ہوں۔ میں ان کو بتانا چاہتی ہوں کہ سلمان سر، آپ کو ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں۔ کچھ نہیں ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پوری قوم کی دعائیں سلمان خان کے ساتھ ہیں اور میں بھی دن رات ان کی سلامتی کے لیے دعا کرتی ہوں۔ میں نے ان کے اسلحے کے لائسنس کے لیے بھی دعا کی تھی کہ ان کو لائسنس مل جائے۔‘
راکھی ساونت نے کہا کہ ’کبھی بھی میری ضرورت پڑے تو میں سلمان خان کی باڈی گارڈ بن سکتی ہوں۔ میں ان کی باڈی گارڈ بننے کے لیے تیار ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ سلمان خان کی حفاظت کے لیے ان کے آگے ہوں گی۔
’اگر کوئی گولی مارتا ہے تو گولی مجھے لگے گی۔ وہ بھائی کو نہیں لگے گی۔‘
30 مئی کو گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کو قتل کر دیا گیا تھا جس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی جس کے بعد سلمان خان کو دھمکیاں ملی تھیں اور گینگ کے ایک رکن نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ اس کے لیے عملی کام شروع کر دیا گیا تھا اور وہ کالے ہرن کے شکار کے معاملے پر اداکار کو سبق سکھانا چاہتے تھے۔