Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہراسیت کے خلاف جنگ، ’سلمان خان بھائی کیوں نہیں بن سکتے‘

شرلین چوپڑا نے سلمان خان سے جنسی ہراسیت کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین اداکارہ اور ماڈل شرلین چوپڑا نے ہدایت کار ساجد خان پر جنسی ہراسیت کا الزام لگاتے ہوئے سلو بھائی سے خصوصی درخواست کی ہے۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اداکارہ شرلین چوپڑا نےممبئی پولیس سٹیشن میں ساجد خان کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔ 
شرلین چوپڑا نے پولیس کو دیے گئے بیان میں واقعے کی مکمل تفصیلات ریکارڈ کروائیں اور بالی وڈ اداکار سلمان خان سے مدد کی اپیل کی ہے۔
اس سے پہلے بھی مشہور کوریوگرافر فرح خان کے بھائی ساجد خان کے ساتھ مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والی بالی وڈ فلم انڈسٹری کی نو خواتین نے جنسی ہراسیت کے الزامات عائد کیے تھے جن میں شرلین چوپڑا کے علاوہ سلونی چوپڑا، آہانہ کمرا اور مندانہ کریمی شامل ہیں۔
شرلین چوپڑا کا کہنا تھا کہ انہیں پولیس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ ساجد خان کو تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ یہ صرف ان کی نہیں بلکہ ہر خاتون کی جنگ ہے جس جس کے ساتھ ساجد خان نے زیادتی کی۔
’یہ ہر اس شخص کی جنگ ہے جن کے خیال میں دست درازی ناقابل قبول ہے۔ دست درازی کرنا کسی کا بھی پیدائشی حق نہیں ہے جس کا ساجد خان جیسے لوگ غلط استعمال کریں۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’ساجد خان بالی وڈ کے خان گینگ کے پسندیدہ ہیں۔ ان کے اعلٰی سطح پر تعلقات ہیں، اسی لیے ہمارے لیے بھی مشکلات ہیں۔‘
’انڈسٹری میں اگر آپ ہمارے مقام کا موازنہ ان کے ساتھ کریں تو ہم باہر والے ہیں اور یہ خان کیمپ کے ساتھ تعلق رکھنے والوں میں سے ہیں۔ ان سے لڑنے کے لیے بہت زیادہ بہادری اور صبر کی ضرورت ہے۔‘

ساجد خان پر جنسی ہراسیت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے سلمان خان سے اپیل کی کہ وہ بالی وڈ  کے دوہرے معیار اور جنسی استحصال کے خلاف خواتین کی جنگ میں شریک ہوں۔
’میری سلمان خان سے خصوصی درخواست ہے جو انتہائی آسانی کے ساتھ خواتین کی حالات زار کو نظرانداز کر رہے ہیں جن کے ساتھ ان کے دوست نے غلط کیا۔‘
اداکارہ کا کہنا تھا ’لوگ آپ کو بھائی جان کہہ کر مخاطب کرتے ہیں۔ آپ کیوں نہیں ہمارے لیے کھڑے ہو سکتے۔ آپ کیوں نہیں ہمارے بڑے بھائی بن سکتے۔‘
شرلین چوپڑا کا کہنا ہے کہ ان کا اگلا اقدام سلمان خان کے گھر کے باہر خاموش احتجاج کرنا ہے۔
الزامات کے بعد ساجد خان کو فلم ’ہاؤس فل 4‘ میں بطور ہدایت کار ہٹا دیا گیا ہے جبکہ سلمان خان کے ریئلیٹی شو بگ باس 16 کے کنٹسیٹنٹ میں شامل ہیں۔
شرلین چوپڑا سمیت دیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ ساجد خان کو بگ باس سے ہٹایا جائے۔

شیئر: