امریکی جہاز میں مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اُٹھی، 7 مسافر زخمی
اتوار 25 دسمبر 2022 15:54
جیٹ بلیو نے ایک بیان میں کہا کہ ’تحفظ ہماری پہلی ترجیح رہی ہے۔‘ (فوٹو: جیٹ بلیو)
امریکی شہر نیو یارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر امدادی ٹیم کو اس وقت جیٹ بلیو کے جہاز کو خالی کروانا پڑ گیا جب ایک مسافر کے لیپ ٹاپ میں آگ بھڑک اٹھی۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ’جہاز ٹرمینل پانچ کے گیٹ کی جانب جا رہا تھا جب لیپ ٹاپ کی بیٹری میں آگ لگ گئی۔‘
بارباڈوس کے شہر برج ٹاؤن سے آنے والی جیٹ بلیو کی اس فلائٹ میں عملے نے فوری طور پر آگ بجھا دی۔
اس کے بعد امدادی ٹیم نے جہاز کو ایمرجنسی سلائیڈ سسٹم کے ذریعے مسافروں سے خالی کروا لیا۔ حکام کے مطابق ’سات مسافر معمولی زخمی ہوئے۔‘
جیٹ بلیو نے ایک بیان میں کہا کہ ’تحفظ ہماری پہلی ترجیح رہی ہے۔ ایف اے اے اور این ٹی بی ایس کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔‘