Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیدرلینڈز کے چڑیا گھر میں دیوقامت پانڈا کی جنس کیسے تبدیل ہوئی؟

فین شنگ نے یکم مئی کو دوسری سالگرہ منائی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
یورپی ملک نیدرلینڈز کے ایک چڑیا گھر میں موجود دو سالہ دیوقامت پانڈا کے متعلق انکشاف نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فین شنگ نامی پانڈا کا جب معمول کے مطابق طبی معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ نر نہیں بلکہ مادہ پانڈا ہے۔
فین شنگ نیدرلینڈز کے چڑیا گھر میں پیدا ہونے والا پہلا دیوقامت پانڈا ہے۔
چڑیا گھر کے مینیجر جاز کوک نے قومی ٹیلی ویژن پر اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فین شنگ نے سب کو حیران کر کے رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کے عملے کو فین شنگ کی جنس سے متعلق یقین تھا اور اینستھیزیا کے دوران صرف معائنہ کرنا چاہ رہے تھے۔
پیدائش کے چند ماہ بعد پانڈا کا مختصر طبی معائنہ کیا گیا تھا جو جلدی میں اس لیے بھی کیا گیا تاکہ بچے کو ماں کے پاس پہنچانے میں دیر نہ ہو۔
تاہم مینیجر نے کہا کہ اینستھیزیا کے بغیر اتنے چھوٹے بچے کی جنس کا تعین کرنا مشکل ہوتا ہے۔
منیجر کا کہنا تھا ’ہمیں پورا یقین تھا کہ بچہ نر ہے اور ہمیں اس پر کبھی شک نہیں تھا۔‘
فین شنگ کی پیدائش یکم مئی 2020 کو نیدر لینڈز کے وسطی شہر رینن میں واقع ایک چڑیا گھر میں ہوئی تھی۔

شیئر: