سعودی عرب عالمی سطح پر ڈونر ممالک کی درجہ بندی میں سرفہرست
مملکت نے 2021 کے دوران 26.71 ارب ریال کی امداد فراہم کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کم اور درمیانی آمدنی والے ملکوں کو انسانی ہمددری اور ترقی کے لیے امداد دینے والے ڈونر ممالک میں سرفہرست ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مملکت نے 2021 کے دوران معمولی اور درمیانی آمدنی والے ممالک کو 26.71 ارب ریال کی امداد فراہم کی۔ امریکی ڈالر میں یہ رقم 7.12 ارب بنتی ہے۔
یہ اعدادوشمار اقتصادی و ترقیاتی تعاون تنظیم کے ماتحت ترقیاتی امداد کمیٹی نے رواں سال 21 دسمبر کو جاری کیے ہیں۔
ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ’مملکت نے 2021 کے دوران ترقیاتی امداد کی مد میں جو رقم غریب اور درمیانے درجے کی آمدنی والے ممالک کو فراہم کی وہ سعودی عرب کی کل قومی آمدنی کا 1.05 فیصد ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس معیار سے دیکھا جائے تو سعودی عرب امدادی ممالک میں سرفہرست آ گیا۔ اکتوبر1977 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے جو ہدف مقرر کیا تھا اسے عبور کر چکا ہے۔ اقوام متحدہ نے امدادی ممالک کو اپنی آمدنی کا 0.7 فیصد ترقیاتی امداد کے لیے مختص کرنے کو کہا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات 2018 سے انسانی و ترقیاتی مدد کے مشن میں مسلسل لگا ہوا ہے۔