مکہ میں ہوٹل ایک طرف جھکنے لگا، عمارت کو خالی کرا لیا گیا
میونسپلٹی کا کہنا ہے ک عمارت احتیاطی اقدام کے طور پر خالی کرالی گئی ہے( فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے علاقے الحفائر میں کئی منزلہ ہوٹل کے برابر کی عمارت پر جھکاو کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ہوٹل کو خالی کرا لیا گیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شاہرہ پر واقع ہوٹل کی عمارت برابر کی بلڈنگ کی طرف جھکی ہوئی ہے۔ گاڑیاں بھی گزر رہی تھیں اور راہگیر بھی آ جا رہے تھے۔
محکمہ شہری دفاع نے وڈیو وائرل ہونے پر ہوٹل کی عمارت خالی کرا کے سڑک بند کردی تاکہ وہاں سے گزرنے والی گاڑیاں اور راہگیر محفوظ رہیں۔
مکہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتون نے بتایا کہ ’میونسپلٹی نے متعلقہ سرکاری اداروں کی نمائندہ کمیٹی تشکیل دی جس نے جائے وقوعہ پر صورتحال کا جائزہ لیا۔‘
’شہری دفاع، وزارت حج و عمرہ، وزارت سیاحت اور سیکیورٹی فورس کی نمائندہ کمیٹی نے ہوٹل کی مخدوش عمارت کا معائنہ کر کے اپنی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کی سفارش پر فوری عمل درآمد کیا گیا۔‘
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’ہوٹل کی عمارت احتیاطی اقدام کے طور پر مکینوں سے خالی کرالی گئی۔ انجینیئرز کی ایک کمیٹی عمارت کا ہر پہلو سے جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔‘