اوٹاوہ ..... سعودی عرب نے 8لاکھ سے زیادہ شامیوں و یمنیوں کو اپنے یہاں پناہ دے رکھی ہے۔ انہیں رہائش اور ملازمت کے علاوہ تعلیم اور علاج معالجے کی مفت بہترین سہولتیں پیش کی جاتی ہیں۔ یہ بات ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے کہی۔ وہ اوٹاوہ میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں اس وقت6لاکھ3ہزار833یمنی پناہ گزین ہیں۔ اسی طرح سعودی عرب میں 2لاکھ 91ہزار 342شامی پناہ گزین موجود ہیں۔یمنی شہریوں کو سعودی عرب نے وزیٹر کارڈ جاری کرکے انکے قیام کو قانونی شکل دی ہے۔ سعودی عرب میں اس وقت 2لاکھ 85ہزار یمنی بچے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ اسی طرح ایک لاکھ 14ہزار شامی بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت دی جارہی ہے۔ سعودی عرب نے اب تک 700ملین ڈالر کی امداد کم و بیش 37ممالک کے متاثرین میں تقسیم کی ہے۔ یمنی او رشامی شہریوں کے علاوہ سعودی عرب میں مقیم تمام کمیونٹیز سے انسانی حقوق کی بنیاد پر مساویانہ معاملہ کیا جاتا ہے۔ یمنی اور شامی شہریوں کو انکے ممالک کے حالات کی مناسبت سے مزید رعایتیں دی جارہی ہیں۔سعودی عرب میں مقیم یمنی اور شامیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔سعودی عرب نے اب تک شامی و یمنی پناہ گزینوں کی مدد کیلئے خطیر رقم خرچ کی ہے۔