حاملہ خواتین اور بچے انفلونزا ویکسین لگوائیں، وزارت صحت کا مشورہ
وزارت صحت نے کہا کہ ’سرد موسم میں نزلہ ، زکام اورکھانسی عام ہوجاتی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ’ موسم سرما میں حاملہ خواتین احتیاطی تدابیر پرعمل کرتے ہوئے انفلونزا ویکسین لگوائیں‘۔
وزارت صحت نے بچوں کے حوالے سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’موسم سرما میں انفلونزا لگنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں‘۔
عاجل نیوز کے مطابق موسم سرما کے حوالے سے وزارت صحت کی احتیاطی تدابیرمیں کہا گیا کہ ’سرد موسم میں نزلہ ، زکام اورکھانسی عام ہوجاتی ہے‘۔
’حاملہ خواتین انفلونزا وائرس کا شکارجلد ہوتی ہیں۔ انہیں چاہئے کہ احتیاطی تقاضے کے تحت فلو میں مبتلا ہونے سے قبل ویکسین لگوا لیں تاکہ وائرس کا شکار ہونے سے محفوظ رہ سکیں‘۔
وزارت صحت کا مزید کہنا ہے کہ ’ویکسین مکمل طور پرمحفوظ ہے اور حاملہ خواتین بلا کسی خوف کے کسی بھی مرحلے میں یہ ویکسین لگوا سکتی ہیں‘۔
’انفلونزا ویکسین لگوانے کےلیے وزارت صحت کی ’صحتی‘ ایپ کے ذریعے پیشگی وقت حاصل کریں تاکہ مقررہ وقت پرپہنچ کرویکسین لگوانے میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے‘۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے کریم ٹیکسی سروس کے تعاون سے گھر بیٹھے انفلونزا ویکسین کی سہولت متعارف کروائی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ سہولت سعودی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کے لیے ہے جس کے لیے 40 ریال فیس مقرر کی گئی ہے۔
گھر بیٹھے انفلونزا ویکسین کی سہولت طلب کرنے کے لیے کریم کی ایپلی کیشن پر متعلقہ سیکشن میں جانا ہوگا۔
وزارت صحت کے مطابق ’یہ سہولت جدہ، ریاض، دمام اور مدینہ منورہ میں شام 5 بجے سے رات 9 تک فراہم کی جائے گی۔ بعد ازاں اس میں وسعت کرتے ہوئے دیگر شہروں کو بھی شامل کیا جائے گا‘۔
واضح رہے کہ کریم ایپلی کیشن پر ویکسین طلب کی جائے گی جس کے بعد ٹیکسی طبی ٹیم کو لے کر لوکیشن پر پہنچے گی۔