موسمی انفلونزا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائیں: ترجمان وزارت صحت
موسمی انفلونزا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائیں: ترجمان وزارت صحت
اتوار 11 دسمبر 2022 5:24
ڈاکٹر محمد العبدالعالی کے مطابق امسال گزشتہ 2 برسوں کے مقابلے میں انفلونزا وائرس زیادہ طاقت ور ہوگا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ موسمی انفلونزا سے بچاؤ کے لیے لگائی جانے والی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے جو برسوں سے استعمال ہو رہی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے موسمی انفلونزا کے حوالے سے منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ موسم سرما میں عام طور پر انفلونزا کا وائرس پھیل جاتا ہے جس کےقبل ازوقت تدارک کے لیے ویکسین لگانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امسال انفلونزا وائرس گزشتہ دو برسوں سے زیادہ طاقتور ہے۔ چار زمروں کے افراد جن میں حاملہ خواتین، پانچ برس سے کم عمر بچے، متعددی امراض کا شکار اورمعمر افراد اس وائرس کا جلدی شکار ہو جاتے ہیں۔
ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید کہا کہ انفلونزا سے بچاؤ کی ویکسین 80 فیصد تک مرض کی شدت سے محفوظ رکھتی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے ’صحتی‘ ایپ پرویکسین لگانے کے لیے پیشگی بکنگ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے جس سے ہرشخص مستفیض ہو سکتا ہے۔
ترجمان صحت کا مزید کہنا تھا کہ طبی مراکز کے جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی شعبے میں آنے والے بیشتر کیسز انفلونزا کے ہیں۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ڈاکٹر العبدالعالی نے کہا کہ ہاتھوں کو دھونا، گندے ہاتھ آنکھوں میں نہ لگائیں جائیں، چھینکنے پر ٹشو پیپر استعمال کریں اور گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
انفلونزا کی علامات کے بارے میں ترجمان صحت کا کہنا تھا کہ اس وائرس کا شکارہونے والوں کو کپکپاہٹ محسوس ہوتی ہے جبکہ پسینے کی شکایت بھی ہوتی ہے۔
’جسمانی درجہ حرارت 38 ڈگری سے بڑھ جاتا پٹھوں اور سر میں شدید درد ہوتا ہے۔ حلق میں چبھن کا احساس رہتا ہے زکام اور کھانسی کی شکایت بھی ہوتی ہے۔‘
ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید کہا کہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں کہ کورونا ویکسین لگانے سے جسم میں انفلونزا وائرس کے خلاف قوت مدافعت میں کمی آتی ہے۔