حرم مکی میں جمعرات کو بھی موسلا دھار بارش، زائرین عبادت میں مشغول
جمعرات 5 جنوری 2023 21:37
زائرین دوران بارش عبادت میں مشغول رہے۔ (فوٹو الاخباریہ)
مکہ مکرمہ اور اس کے مضافات میں جمعرات کو موسلا دھار بارش ہوئی۔ مسجد الحرام اور اس کے اطراف بارش نے سماں باندھ دیا۔
الاخباریہ چینل کے مطابق حرم شریف میں موسلا دھار بارش کے مناظر پر مشتمل وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ شدید بارش کے عالم میں زائرین مغرب کی نماز ادا کرتے رہے اور عمرہ پر آئے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف میں مشغول رہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت امن و سلامتی کے ادارے کے سیکریٹری فایز الحارثی نے اس سے قبل کہا تھا کہ حرم شریف میں بارش کے پیش نظر تعمیراتی کام بارش کے رکنے تک کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا موسمیات کے قومی مرکز نے اپنی نئی رپورٹ میں توقع ظاہر کی ہے کہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ درمیانے درجے سے لے کر موسلا دھار تک بارش ہورہی ہے۔ ابھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، ژالہ باری بھی ہوگی۔ مکہ مکرمہ ، باحہ اور ریاض ریجنوں میں مختلف مقامات ہر سیلاب کی صورتحال بھی پیدا ہورہی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں