مسجد اقصی پر اسرائیلی حملے، او آئی سی کا ہنگامی اجلاس منگل کو طلب
جدہ میں ہونے والے اجلاس میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں پر بحث کی جائے گی( فائل فوٹو سبق)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) جنرل سیکریٹریٹ قبلہ اول مسجد اقصی پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں پر بحث کے لیے منگل کو جدہ ہیڈکوارٹر میں ہنگامی اجلاس کرے گی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے اتوار کو بیان میں کہا کہ’ ہنگامی اجلاس کا فیصلہ مقبوضہ بیت المقدس میں بڑھتی اسرائیلی جارحیت اور مسجد اقصی کی مسلسل بے حرمتی کے تناظر میں کیا گیا ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’حال ہی میں اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن غفیر سیکیورٹی فورس کو ساتھ لے کر مسجد اقصی کے صحنوں میں گھس آئے تھے۔ اسرائیل مسجد اقصی کی تاریخی اور قانونی حیثیت تبدیل کرنے کے لیےغاصبانہ طاقت کا استعمال مسلسل کررہا ہے‘۔
’او آئی سی نے مسجد اقصی میں سیکیورٹی فورس کے ساتھ اسرائیلی وزیر کے گھسنے کے واقعے کی سخت مذمت کی تھی۔ اوآئی سی نے اسے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے اور متعلقہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا‘۔