Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی مصور کا ’دیواری پورٹریٹ‘ گینز ورلڈ ریکارڈ میں رجسٹرڈ

ٹاور پر گرافٹی آرٹ نے راہگیروں اور دیکھنے والوں کو مسحور کردیا ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ فہد روڈ پر ایک ٹاور پر بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کا ’دیواری پورٹریٹ’ بنانے والے مصور محمد العمار کی دیوار گینز ورلڈ ریکارڈ میں رجسٹرڈ ہو گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مصور نے ایک ہزار 200 مربع میٹر کے رقبے پر محیط اپنے تفصیلی گرافٹی آرٹ (دیوار پر آرٹ کے مختلف نمونے) سے راہگیروں اور دیکھنے والوں کو مسحور کردیا۔
مصور محمد العمار نے دیوار پر تقریباً 50 دن تک کام کیا، تھرمل گیسیس پینٹ سپرے کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ گریفٹی کو موسمی عناصر جیسے ہوا اور بارش سے نقصان نہ پہنچے۔
محمد العمار نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ ایک مختلف، بھرپور، ثقافتی اور فنکارانہ تجربہ تھا خاص طور پر شہریوں، رہائشیوں اور غیر ملکیوں کی جانب سے پذیرائی حاصل کرنے کے بعد‘۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ’ اس قسم کی گرافٹی چیلنجنگ تھی جس میں بہت احتیاط اور پیشہ ورانہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ یہ قوم کے بانی سے متعلق ہے۔یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری تھی لیکن مجھے یقین تھا کہ میں یہ ذمہ داری نبھا سکتا ہوں۔‘
محمد العمار نے مزید کہا کہ ’میں نے ہمیشہ ایک دیوہیکل دیوار پینٹ کرنے کا خواب دیکھا۔ میرا پہلا تجربہ اس ٹاور پر تھا اوراسے وسیع پذیرائی ملی۔ بلندی پر پینٹ کرنا آسان نہیں تھا۔ یہ کافی خطرناک تھا تاہم ہرروز راہگیروں کی جانب سے میری حوصلہ افزائی ہوتی تھی اورانہوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا‘۔

محمد العمار نے کہا کہ  ہمیشہ ایک دیوہیکل دیوار پینٹ کرنے کا خواب دیکھا‘ ( فوٹو ایس پی اے)

اپنے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے سعودی مصور نے کہا کہ ’وہ بڑے پیمانے پر پینٹنگز پر توجہ مرکوز کریں گے کیونکہ لوگوں کو متاثر کرنے اور اپنی طرف متوجہ کرنے کی طاقت کے پیش نظر بہت سے لوگ گرافٹی آرٹ کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں‘۔
واضح رہے کہ گرافٹی آرٹ موضوع، انداز اور آلات کے استعمال کے لیے غیر روایتی نقطہ نظر کے ساتھ دنیا کی سب سے زیادہ پھیلی ہوئی شکلوں میں سے ایک بننے سے پہلے کئی مراحل سے گزر چکا ہے۔

شیئر: