نور ریاض فیسٹیول میں چھ گنیز ورلڈ ریکارڈ روشنیوں کے نام
نور ریاض فیسٹیول میں چھ گنیز ورلڈ ریکارڈ روشنیوں کے نام
پیر 21 نومبر 2022 15:43
فیسٹیول کے تحت 40 مقامات پر مختلف قسم کی 500 تقریبات کا انعقاد ہوا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والی ثقافتی اور آرٹسٹک تقریب نور ریاض میں روشنیوں کے رنگا رنگ پروگرام چھ گنیز ورلڈ ریکارڈ سمیٹتے ہوئے ہفتے کے روز اختتام پذیر ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض میں منعقد ہونے والے اس 17 روزہ فیسٹیول نے 'پلس آف لائٹ' کے عنوان سے سب سے بڑے لائٹ آرٹ ورک نے ریکارڈز حاصل کیے۔
فیسٹیول کے تخلیقی آرٹ شو میں لیزر لائٹس کا سب سے طویل فاصلہ، سب سے بڑا لیزرلائٹ ڈسپلے، بلڈنگ انٹرفیس پر سب سے زیادہ اور سب سے بڑا ڈسپلے اور ڈرونز کی سب سے بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔
نور ریاض سالانہ فیسٹیول میں 40 سے زائد ممالک کے 130 سعودی اور بین الاقوامی فنکاروں کے 190 سے زائد مختلف آرٹ ورک پیش کیے گئے تھے۔
مملکت میں اپنی طرز کا یہ پہلا فیسٹیول ہے جسے ریاض آرٹ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جس کا مقصد دارالحکومت کی آبادی میں تخلیقی جذبے کو بڑھانا ہے۔
نور ریاض فیسٹیول کا آغاز 3 نومبر سے کیا گیا اور خاص قسم کے لائٹوں کے شوز اور دیگر منظر نامے دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد2.8 ملین رہی۔
فیسٹیول کے تحت دارالحکومت کے 40 مقامات پر مختلف قسم کی 500 تقریبات کا انعقاد ہوا، معروف مقامات میں ریاض کے الملزعلاقے کے علاوہ کنگ عبداللہ پارک، السفرات محلہ، درعیہ تاریخی قصبہ اور کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیر ثقافت، رائل کمیشن فار ریاض سٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن اور ریاض آرٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے کہا ہے کہ نور ریاض فیسٹیول کی کامیابی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بصیرت اور دلچسپی کی مرہون منت ہے۔
شہزادہ بدر فرحان نے مزید کہا کہ فیسٹیول کی کامیابیاں مملکت کے عزم اور قومی اور بین الاقوامی صلاحیتوں کو سپورٹ کرنےکے لیے مسلسل کوششوں کا مظہر ہیں جو مملکت کو انٹرنیشنل آرٹ فیسٹیول کے منظر نامے میں آگے رکھنے میں معاون ہیں۔
انہوں نے مستقبل میں اس طرح کے ایونٹ کے لیے بین الاقوامی فنکاروں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زوردیا۔