Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹریفک چالان کی ادائیگی کے باوجود اقامہ تجدید نہیں ہورہا، کیا کریں؟

ابشر پر تواصل سروس پرمسئلہ مختصر اورجامع انداز میں درج کرنا ہوگا( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کے رہائشی پرمٹ ’اقامے‘ کا اجرا اورتجدید کے علاوہ خروج وعودہ اورخروج نہائی یعنی ایگزٹ ری انٹری اورفائنل ایگزٹ کے معاملات محکمہ جوازات کی ذمہ داری ہے۔
ایسے افراد جن کے خروج نہائی اوراقامہ ایکسپائر ہوجاتے ہیں انہیں دوبارہ فائنل ایگزٹ جاری کرانے کے لیے اقامہ کی مدت میں توسیع کرانا ہوتی ہے۔
جوازات کے ٹوئٹر پراقامہ کی تجدید کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا’ اقامہ تجدید کرانے کےلیے مطلوبہ فیس ادا کی مگراقامہ تجدید نہیں ہوا۔ بعدازاں معلوم ہوا کہ ٹریفک چالان کی وجہ سے اقامہ تجدید نہیں ہورہا ۔ ٹریفک چالان ادا کرنے کے باوجود اقامہ تجدید کی کارروائی مکمل نہ ہوسکی۔ اس صورت میں کیا کریں؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کے ذمہ دار کی جانب سے کہا گیا کہ’ اس کیس میں مسئلے کے حل کےلیے ابشراکاونٹ پرلاگ ان کریں جہاں تواصل سروس پرمسئلہ مختصر اورجامع انداز میں درج کیاجائے‘۔ 
جوازات کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’تواصل سروس پرمسئلہ اپ لوڈ ہونے کے بعد ہفتہ وار تعطیل کے دن نکال کر7 دن کے اندر اندر حل کیاجاتا ہے‘۔ 
خیال رہے ابشراکاونٹ پر تواصل سروس پر ان غیرملکیوں کے معاملات حل کیے جاتے ہیں جو ان کے اسپانسر کے ابشر میں رجسٹرڈ ہوں۔ جس شخص کا ابشراکاونٹ تواصل سروس کےلیے استعمال کیاجائے کارکن کا تعلق اسی شخص سے ہونا ضروری ہے بصورت دیگر معاملہ مسترد کردیاجاتا ہے۔ 
توصل سروس سے درست استفادہ کے لیے لازمی ہے کہ اسی شعبے کا انتخاب کیاجائے جس میں درستگی مطلوب ہو۔ اگرمعاملہ اقامہ کی تجدید کے حوالے سے ہے تو شعبہ کا انتخاب اقامہ کی تجدید کا کیا جائے گا خروج وعودہ یا خروج نہائی کے لیے اسی شعبے کا انتخاب کیاجائے۔ 
وہ کارکن جو خروج وعودہ پرمملکت سے باہرہیں ان کے اقامے یا خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کےلیے ’بیرون مملکت تارکین کے معاملات ‘ کے شعبے کا انتخاب کرنا ضروری ہے۔ 

بعض افراد بیرون مملکت گئے ہوئے کارکنوں کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کے لیے ’اقامہ کے مسائل ‘ کا انتخاب کرتے ہیں جو غلط ہوتا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)

بعض افراد بیرون مملکت گئے ہوئے کارکنوں کے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کے لیے محض ’اقامہ کے مسائل ‘ کا انتخاب کرتے ہیں جو غلط ہوتا ہے اس صورت میں جمع کی گئی درخواست از خود مسترد ہوجاتی ہے۔  
اس حوالے سے جوازات کا کہنا ہے کہ ’متعلقہ خدمات کے بروقت حصول کے لیے درست شعبے کا انتخاب انتہائی اہم ہے تاکہ معاملہ کی انجام دہی میں تاخیر نہ ہو اوربروقت معاملہ مکمل کیاجاسکے‘۔ 
واضح رہے اندرون مملکت اوربیرون مملکت گئے ہوئے تارکین کےلیے معاملات مختلف ہوتے ہیں اسی طرح کارکنوں کے اہل خانہ کے معاملات کےلیے حل کےلیے تواصل سروس پرشعبے کو مخصوص کیا ہے۔ 
خیال رہے ابشر اکاونٹ پرموجود تواصل سروس کا آغاز سال 2020 میں کورونا کی وبا کے دوران کیاگیا تھا جب مملکت میں کورونا سے بچاو کےلیے کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔ تواصل سروس کا مقصد لوگوں کو جوازات کی وہ خدمات مہیا کرنا تھیں جن کے لیے جوازات کے دفترجانا ضروری ہوتا ہے۔ 

شیئر: