Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزارت حج وعمرہ نے ’حج ایکسپو‘ کا افتتاح کر دیا، 57 ممالک شرکت کر رہے ہیں

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر اور مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے کانفرنس و نمائش برائے حج و عمرہ ’حج ایکسپو‘ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کر دیا ہے جس کی میزبانی جدہ شہر کر رہا ہے۔
اس ایکسپو میں 57 سے زائد ممالک کے حج وفود کے سربراہان اور اعلیٰ حکام کے 81 ترجمان شرکت کر رہے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق وزیر حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے اس بات کی تاکید کی کہ دنیا کے تمام ممالک سے آنے والے ضیوف رحمان کی خدمت کرنا اولین ترجیح اور ایک مستند تاریخی عہد کا التزام ہے، اور یہ کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے جس پر اسے فخر ہے کہ زائرین اپنی رسومات اطمینان اور آسانی سے ادا کر سکیں۔
ڈاکٹر ربیعہ نے حج اور عمرہ کے نظام میں ضوابط اور قانون سازی کے ذریعے حج اور عمرہ کرنے والوں کو فراہم کی جانے والی تمام خدمات اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے وزارت حج و عمرہ کی خواہش پر زور دیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا میں زائرین اور عمرہ ادا کرنے والوں کے امور کی نگرانی کرنے والے حکام کا جمع ہو جانا اور جلد ہی حج معاہدوں پر دستخط کر دینا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ متعلقہ اتھارٹیز  کے ساتھ مل کر عازمین حج اور عمرہ کرنے والوں کے لیے بہ آسانی بہترین خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اس فورم پہ متعدد اطراف کے ساتھ کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
اسی طرح تمام اسلامی ممالک کے ساتھ ’حج خدمات‘ کے 57 سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں عازمین کی تعداد، انٹری پلان، صحت اور طریقہ کار کی ہدایات شامل ہیں۔
’حج ایکسپو‘ میں شرکت کرنے والے ماہرین مکالمے کے سیشنز کے ذریعے حج کے سفر کو بہتر اور بھرپور بنانے کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
حج ایکسپو کا مقصد ایک مربوط اور پائیدار نظام کی تعمیر ہے جو ماہرین کے خیالات اور نظریات سے استفادہ کرتے ہوئے حجاج کے تجربے کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

شیئر: