Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج اور عمرہ انشورنس سکیم کی فیس میں کمی کا اعلان

حج مشنز کو پرمٹ ہولڈر کمپنی کے ساتھ معاہدے کی اجازت جلد دی جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ حج انشورنس سکیم کی فیس میں 73 فیصد کم کی گئی ہے۔ 
عاجل اور سبق ویب کے مطابق پیر کو ’حج ایکسپو‘ کانفرنس اور نمائش سے خطاب میں ڈاکٹرتوفیق الربیعہ کہا کہ ’عازمین حج کے لیے انشورنس سکیم کی فیس 109 ریال سے کم کرکے 29 ریال کی جائے گی۔‘ 
 ’اسی طرح عمرہ زائرین کے لیے انشورنس سکیم  فیس 235  ریال سے کم کرکے 88 ریال کردی گئی ہے۔‘
حج مشنز کو پرمٹ ہولڈر کمپنی کے ساتھ معاہدے کی اجازت
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ’حج مشنز کو کسی بھی پرمٹ ہولڈر کمپنی کے ساتھ معاہدے کی اجازت جلد دی جائے گی۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’پرمٹ ہولڈر کمپنی کے ساتھ معاہدے کی اجازت تمام کمپنیوں کے درمیان مسابقت کا ماحول پیدا کرنے کے لیے دی جا رہی ہے۔‘
یاد رہے کہ ایکسپو حج کانفرنس اور نمائش میں مختلف منصوبوں کا تعارف پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبے ہر سال حج و عمرہ زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی میں مدد گار ہوں گے۔
سعودی وژن 2030 کا ہدف ہے کہ آئندہ برسوں کے دوران  حج و عمرہ زائرین کی سالانہ تعداد 30 ملین تک پہنچ جائے۔ 
کانفرنس اور نمائش میں مختلف ممالک کے سفرا، قونصل جنرلز اور سرکاری و پرائیویٹ سیکٹر کے 200 سے زیادہ اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔
مباحث اور 13 محدود مکالموں سے حج میپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ شرکا ’حج ٹاک‘ اور 36 ورکشاپس میں بھی حصہ  لیں گے۔ 
جدہ میں حج ایکسپو کانفرنس اور نمائش 12 جنوری تک جاری رہے گی۔ 

شیئر: