Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گولڈن گلوب ایوارڈ تیلگو گانے ’ناٹو ناٹو‘ کے نام، ’آسکر بھی آئے گا‘

میوزک کمپوزر ایم ایم کیراوانی نے انعام وصول کیا (فوٹو: ہالی وڈ رپورٹر)
انڈین تیلگو فلم ’آر آر آر‘ کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ نے گولڈن گلوب ایوارڈ جیت لیا ہے۔
اس فلم کو دو کیٹگریز کے لیے نامزد کیا گیا تھا جس میں بہترین غیرملکی فلم کی کیٹگری بھی شامل تھی، تاہم یہ ایوارڈ فلم ’ارجنٹینا‘ نے جیتا۔
 گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں فلم کے ڈائریکٹر ایس ایس راجامولی اور اداکار رام چرن سمیت دوسرے اداکاروں اور اداکاراؤں نے شرکت کی۔
اس فلم میں 1920 کا دور دکھایا گیا ہے اور اس کی کاسٹ میں اجے دیوگن اور عالیہ بھٹ کے علاوہ برٹش اداکار رے سٹیونسن، الیسن اور اولیویا موریس بھی شامل ہیں۔
’آر آر آر‘ فلم کے گانے کو ایوارڈ ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس کو دھڑا دھڑا شیئر کیا جا رہا ہے اور فلم کی ٹیم کو مبارک باد دی جا رہی ہے۔
اسی فلم کے نام سے بنے یعنی ’آر آر آر‘ مووی ہینڈل سے گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب کی 19 سیکنڈز پر مشتمل ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس کے ساتھ لکھا گیا ہے۔
’اور گولڈن گلوب بیسٹ اوریجنل گانے کا انعام ناٹو ناٹو کے نام رہا۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ الفاظ ادا ہوتے ہی وہاں موجود فلم کی ٹیم کے افراد اٹھ کر زوردار تالیاں بجاتے ہیں اور فلم کے میوزک کمپوزر ایم ایم کیراوانی انعام کی وصولی کے لیے سٹیج کی طرف بڑھتے ہیں۔
اس وقت فلم کے حوالے سے ہونے والی ٹویٹس میں زیادہ تر مبارک باد پر مشتمل ہیں۔

امنگ شیرون نے پوسٹ کے نیچے تبصرے میں گانے کے منظر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے جہاں مبارک باد دی وہیں یہ بھی بتایا کہ ’آر آر آر کے گانے ناٹو ناٹو نے صرف گولڈن گلوب ایوارڈ ہی نہیں جیتا بلکہ اس سے اس کے آسکر حاصل کرنے کے امکانات میں بھی اضافہ ہوا ہے اور یہ حقیقت بننے کے قریب ہے۔‘
اسی طرح 16 جون 2023 نامی صارف نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلم کی پوری ٹیم کا گروپ فوٹو شیئر کیا۔

اسی طرح ٹیکی نے اپنی خوشی کا اظہار ایک ایسی شارٹ ویڈیو لگا کر کیا جس میں آتش بازی ہو رہی ہے اور اوپر لکھا ہوا ہے ’مبارک ہو، میں اس پر بہت خوش ہوں۔‘
نیچے تبصرے میں انہوں نے لکھا کہ ’آر آر آر فلم کی ٹیم نے انڈین کلچر کی حقیقی تصویر پیش کی۔ اب دنیا پہلے سے بہت بہتر انڈین مواد دیکھے گی جو اس کے حق میں ہو گا، خلاف نہیں۔‘

خیال رہے اس فلم کو 25 مارچ کو پیش کیا گیا تھا جس نے ریکارڈ بزنس کیا۔
اس فلم کی کہانی دو تیلگو حریت پسندوں الوری سیتارامار اور کومارم بھیم کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے جن کے کردار رام چرن اور جونیئر ٹی این آر نے ادا کیے ہیں۔

شیئر: