Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ون ڈے: پاکستان کو شکست، نیوزی لینڈ نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی

کیوی ٹیم کے فن ایلن ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 79 رنز سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
بدھ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 262 رنز کا ہدف دیا تھا، لیکن کھیل کے آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہنے والی پاکستان کی پوری ٹیم 43 اوورز میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اوپنر فخر زمان کوئی رن بنائے بغیر ٹِم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کے دوسرے اوپنر امام الحق بھی صرف چھ رنز بنا کر لوکی فرگوسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ان کے بعد محمد رضوان 50 گیندوں پر 28 رنز بنانے کے بعد مچل سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ حارث سہیل بھی کوئی کارکردگی نہ دکھا سکے اور 10 رنز بنا کر گلین فلپس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
سلمان علی آغا 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد نواز بریسویل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ان کے بعد اسامہ میر آئے جو 12 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اِش سوڈھی کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے آخری بیٹر حارث رؤف تھے جو کوئی رن بنائے بغیر اِش سوڈھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کے بولرز ٹِم ساؤتھی اور اِش سوڈھی نے دو، دو، جبکہ فلپس، فرگوسن، سینٹنر اور بریسویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے اچھا ثابت ہوا۔

کپتان بابر اعظم 79 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر اِش سوڈھی کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

کیوی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی فن ایلن تھے جو ایک رن بناکر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد ڈیون کونوے نے کریز سنبھالی اور وہ 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
ان کے بعد ڈیرل مچل آئے لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر قدم نہ جما سکے اور صرف پانچ رنز بنانے کے بعد محمد نواز نے انہیں پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔
نیوزی لینڈ کے چوتھے بیٹر ٹام لیتھم تھے جو صرف دو رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔ محمد نواز کے تیسرے شکار کین ولیمسن تھے جو 85 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے۔
محمد نواز نے اپنی چوتھی اور میچ کی چھٹی وکٹ گلین فلپس کو آؤٹ کر کے حاصل کی جو تین رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ مائیکل بریسویل ساتویں پوزیشن پر ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے آئے مگر صرف آٹھ رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

ڈیون کونوے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)

نیوزی لینڈ کی آٹھویں وکٹ اس وقت گری جب حارث رؤف نے اِش سوڈھی کو سات رنز پر بولڈ کیا۔ نسیم شاہ میچ میں اپنی تیسری وکٹ ٹِم ساؤتھی کو آؤٹ کر کے لی جو کوئی رن نہ بنا سکے۔
مچل سینٹنر نیوزی لینڈ کے آخری بیٹر تھے جو آخری اوور کی پانچویں گیند پر رن لیتے ہوئے 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس میچ میں محمد نواز نے چار، جبکہ نسیم شاہ نے نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسامہ میر اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ کے لیے پاکستان کے سکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے اور سپنر اِش سوڈھی کی واپسی ہوئی ہے۔
اس سے قبل کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں ہی کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی اور تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

شیئر: