Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابل میں وزارت خارجہ کے باہر خودکش حملہ، 5 ہلاکتوں کی تصدیق

طالبان نے افغانستان کی سکیورٹی میں بہتری کا دعویٰ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کی عمارت کے قریب ایک خودکش حملے میں 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق طالبان کی وزارت اطلاعات کے ایک عہدیدار استاد فریدون نے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور وزارت خارجہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم اس کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
انہوں نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ ’خودکش حملے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔‘
جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عمارت کے باہر لوگ برف سے ڈھکی سڑک پر پڑے ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ڈرائیور جمشید کریمی کے مطابق ’مجھے نہیں معلوم کہ کتنے لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ میں نے دیکھا کہ خودکش حملہ آور نے خود کو اڑایا۔‘
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران نے خودکش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مقامی وقت کے مطابق دھماکہ چار بجے کے قریب ہوا۔
انہوں نے ہلاک اور زخمی افراد سے متعلق تفصیل فراہم نہیں کی تاہم کہا کہ تحقیقات کر رہے ہیں۔ خالد زدران کے مطابق ’سکیورٹی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔‘

کابل پر کنٹرول کے بعد طالبان نے سکیورٹی میں بہتری کا دعویٰ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اطلاعات اور ثقافت کے نائب وزیر مہاجر فراہی نے کہا ہے کہ ’آج وزارت خارجہ میں ایک چینی وفد کا دورہ متوقع تھا لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ آیا وہ دھماکے کے وقت موجود تھے۔‘
خودکش دھماکہ کابل کے ایک ایسے علاقے میں ہوا جہاں کئی وزارتوں کے دفاتر موجود ہیں۔ اسی طرح اسی علاقے میں دیگر ممالک سمیت چین اور ترکی کے سفارتخانے بھی ہیں۔
اس علاقے کی سکیورٹی بھی سخت ہے اور جگہ جگہ چیک پوائنٹس بھی قائم ہیں۔
قریبی عمارت میں موجود ایک شخص نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ زوردار دھماکے کی آواز سننے کے بعد ان کو عمارت سے نکالا گیا۔
اگست 2021 میں اقتدار میں آنے کے بعد طالبان نے سکیورٹی میں بہتری کا دعویٰ کیا ہے تاہم متعدد دھماکے اور حملے ہوئے ہیں۔ جن میں کئی کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔
داعش نے روس اور پاکستان کے سفارتخانوں اور ایک ہوٹل میں چینی کاروباری افراد سمیت کچھ مقامات پر غیرملکیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا (فوٹو: اے ایف پی)

گزشتہ ماہ کابل کے ایک ہوٹل پر مسلح افراد کے حملے میں کم از کم پانچ چینی شہری زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد چین نے اپنے شہریوں کو کابل سے نکلنے کی ہدایت کی تھی۔
چینی شہریوں اور پاکستانی ناظم الامور پر حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
اکتوبر میں وزارت داخلہ کے قریب ایک مسجد پر خودکش حملے میں چار افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔
ستمبر میں روسی سفارت خانے کے باہر خودکش حملے میں دو روسی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کی ذمہ داری بھی داعش نے قبول کی تھی۔

شیئر: