Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سسٹم میں خرابی، امریکہ میں اندرون ملک پروازوں کی روانگی کو روک دیا گیا

حکام کا کہنا ہے کہ ‘اندرون ملک پروازوں کو آہستہ آہستہ بحال کیا جا رہا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں سسٹم کی خرابی کے باعث ملک بھر میں اندرون ملک پروازوں کی روانگی کو روک دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی  (ایف اے اے) نے بدھ کے روز سسٹم میں بڑی فنی خرابی کے باعث اندرون ملک تمام پروازوں کو روک دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’سسٹم میں خرابی کے بعد اب اندرون ملک پروازوں کو آہستہ آہستہ بحال کیا جا رہا ہے۔‘ 
ایئرلائنز اور ایئرپورٹس کو ملک بھر میں پروازوں کے رُکنے کی خبر دی گئی ہے تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ ’ابھی تک سسٹم میں کسی سائبر حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔‘
ایف اے اے کا کہنا ہے کہ پروازوں کے عملے کو خطرات سے آگاہ کرنے والے اور ہوائی اڈوں کی تبدیلی کے بارے میں بتانے والے ’نوٹس ٹو ایئر مشنز سسٹم‘ میں خرابی آنے کے بعد پروازوں کو روکا گیا ہے۔
اسی سلسلے میں امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹرانسپورٹیشن کے سیکریٹری کی جانب سے بریفنگ دی گئی ہے کہ ’پروازیں محفوظ طریقے سے اتر سکتی ہیں لیکن اُڑان نہیں بھر سکتیں۔‘
امریکہ صدر نے مزید کہا کہ ’انہیں ابھی تک اس کی وجوہات نہیں معلوم ہو سکی ہیں، لیکن انہیں امید ہے کہ کچھ ہی گھنٹوں میں معلوم ہو جائے گا کہ مسئلہ کیا ہے اور پھر اسے اسی طرح حل کیا جائے گا۔‘
دوسری جانب ایف اے اے نے کہا ہے کہ ’نوٹس ٹو ایئر مشنز سسٹم‘ میں خرابی کو ٹھیک کرنے پر کام کیا جا رہا ہے اور کچھ فنکشن ٹھیک ہو رہے ہیں۔
امریکہ بھر میں پروازوں کے رکنے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین بھی اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
میڈیسن گیسیوٹو گلبرٹ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’11/9 کے بعد پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ اندرون ملک جانے والی پروازیں رک گئی ہیں، یہ کیا ہو رہا ہے؟ ایف اے اے کا سسٹم کیسے بیٹھ گیا ہے؟‘
سونی کپور کہتے ہیں کہ ’واہ، یہ تو کافی بڑا مسئلہ ہے، آئی ٹی سسٹم کے کام نہ کرنے کا خطرہ ہے، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں اور معیشت کے لیے بھی خطرہ ہے۔‘
بلیک باربی نے کہا کہ ’انہوں نے اندرون ملک کی تمام پروازیں بڑے پیمانے پر ہونے والی خرابی کے باعث منسوخ کر دی گئی ہیں، اگر ہمیں کوئی اور ملک ہیک کر رہا ہے تو اسے چاہیے کہ ہمیں بتا دیں، یہ جنگ کا کوئی طریقہ ہو سکتا ہے۔‘
 

شیئر: