وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچ گئے
جمعرات 12 جنوری 2023 10:32
وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعرات کو ابوظبی کے ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصادی امور جناب عبداللہ طوق المری اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وفاقی وزرا پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کے وفد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر تجارت نوید قمر، وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزارت خزانہ، خارجہ اور وزارت تجارت کے اعلٰی حکام شامل ہیں۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے، ’جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔‘
دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم، نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المختوم سے بھی ملاقات کریں گے۔
اپنے دو روزہ دورے کے دوران شہباز شریف دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔