اماراتی صدر کی دعوت، شہباز شریف 12 جنوری کو متحدہ عرب امارات جائیں گے
شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر امارات کا دو روزہ (12 سے 13 جنوری) دورہ کریں گے۔
منگل کو پاکستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا تیسرا دورہ ہو گا۔
وزیراعظم کے ساتھ ایک اعلٰی سطحی وفد ہو گا جس میں کابینہ کے ارکان بھی شامل ہوں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے، ’جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور امارات میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔‘
دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور کے حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم، نائب صدر اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المختوم سے بھی ملاقات کریں گے۔
اپنے دو روزہ دورے کے دوران شہباز شریف دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔