شہباز شریف اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو
2022 کے مئی میں پاکستان کے وزیراعظم اور یو اے ای کے صدر کے درمیان ابو ظبی میں ملاقات ہوئی تھی۔ (فوٹو: یو اے ای پریزیڈینشل افیئر)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ٹیلی فونک گفتگو میں دو طرفہ تعلقات اور دیگر امور پر بات چیت کی۔
منگل کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کی مالی اور انسانی امداد پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے امارات کے صدر کو نو جنوری کو جینوا میں ہونے والے کانفرنس ’انٹرنیشنل کانفرنس آن ریزیلئنٹ پاکستان‘ سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
گزشتہ پانچ دہائیوں سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔
متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔