Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج ایکسپو 2023 میں اہم موضوع ، عازمین کی مہمان نوازی

اہم ذمہ داری مقدس مقامات پر عازمین کی مکمل حفاظت و راحت کو یقینی بنانا ہے۔ فوٹو واس
جدہ میں جاری حج ایکسپو 2023 کے تیسرے دن کراؤڈ مینجمنٹ، نقل و حمل کی سہولیات اور مہمان نوازی کے اہم موضوع کے زیرعنوان ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق تقریب کے پہلے حصے میں ہونے والی گفتگو کے دوران ٹرانسپورٹیشن سروسز اور کراؤڈ مینجمنٹ کے زیر تحت عازمین حج اور عمرہ کرنے والوں کی فلاح و بہبود کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔

مہمانوں کی سیکیورٹی اور حفاظت  ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

اس موقع پر ٹرانسپورٹیشن کے مختلف ذرائع سے فراہم کردہ خدمات کے معیار کو بھی خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا۔
تقریب کے مقررین میں حج و عمرہ کی سیکیورٹی کے لیے سپیشل فورسز کے کمانڈر فواز المطیحی کے علاوہ  سعودی عرب ریلوے کے نائب صدر ریان الحربی اور سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے جنرل مینجر غسان عراقی شامل تھے۔
اس موقع پر فواز المطیحی نے بتایا کہ حج کے موقع پر  دنیا بھر سے مکہ مکرمہ  آنے والے عازمین کا شاندار اجتماع  ہوتا ہے اور ان مہمانوں کی سیکیورٹی اور حفاظت  ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ کراؤڈ مینجمنٹ کے زیر تحت سیکیورٹی  اور حج کی رسومات کی ادائیگی کے لیے عازمین کی آمدورفت کے بحفاظت  انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔
سپیشل فورسز کے کمانڈر نے مزید کہا کہ  مسجد الحرام کے چاروں اطراف عازمین کی گنجائش کے لحاظ سے داخلی دروازوں، ایسکلیٹرز اور پلوں کے قریب حفاظتی اقدامات کو خاص طور پر پیش نظر رکھا جاتا ہے۔

عازمین کی آمدورفت کے بحفاظت انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ فوٹو عرب نیوز 

اس موقع پر سعودی ریلوے کے نائب صدر ریان الحربی نے کہا کہ حج سیزن کے دوران میٹرو سروس اپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ  مکمل طور پر  رواں دواں رہے گی۔
الحربی نے بتایا کہ حج 1444ھ کے موقع پر 17 ٹرینیں چلائی جائیں گی  اور فی گھنٹہ کے حساب سے 72 ہزار مسافروں کو حرمین ایکسپریس کے ذریعے آمدورفت کی مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گے۔  
اس کے علاوہ سعودی ریلوے کی 35 ٹرینیں جدہ کے راستے مکہ مکرمہ  اور مدینہ منورہ کے سٹیشنوں کو جوڑے رکھیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہر ٹرین میں 417 مسافروں کی گنجائش ہے ہیں اور اسی طرح حج میٹرو ہر90 سیکنڈ میں 3000 عازمین کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تقریب میں سعودی پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی کے جنرل مینجر غسان عراقی نے حاجیوں کے لیے موثر نقل و حمل کی خدمات  میں SAPTCO اور حج و عمرہ کمپنیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ٹرانسپورٹ سہولیات پر روشنی ڈالی۔

حج میٹرو ہر90 سیکنڈ 3000عازمین کو سہولت مہیا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

وزارت حج و عمرہ عازمین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ان کی رہائش اور مہمان نوازی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے موثر حکمت عملی اپنا ئے ہوئے ہےجس کا مقصد عازمین کی مقدس مقامات پر مکمل حفاظت اور آرام  و راحت کو یقینی بنانا ہے۔
تقریب کے دوسری پینل گفتگو میں ہاؤسنگ اینڈ ہاسپیٹلیٹی سروسز کے زیر عنوان عازمین کے لیے خدمات کے معیار کو یقینی بنانا اور صلاحیت میں اضافے کے علاوہ مارکیٹ میں موجود اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور معیار کو بہتر بنانے کی کوشش کرنا ہے۔
وزارت حج وعمرہ کے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے جنرل منیجر عمر مندورہ نے  بتایا کہ ہماری  وزارت ہاؤسنگ اور مہمان نوازی کے شعبے میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے نظام اور طریقہ کار تیار کرنے پر کام کر رہی ہے۔
 
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: