’مارکیٹ شیئر کے لیے قوانین کی خلاف ورزی‘، انڈیا کا فرانسیسی کمپنی پر الزام
’مارکیٹ شیئر کے لیے قوانین کی خلاف ورزی‘، انڈیا کا فرانسیسی کمپنی پر الزام
جمعہ 13 جنوری 2023 11:20
انڈیا کی سٹاک ماکیٹ میں پرنوڈ ریکارڈ کے 17 فیصد شیئر ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں الکوحل مشروبات بنانے والی فرانسیسی کمپنی ’پرنوڈ رکارڈ‘ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے حکومتی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریٹیلرز کو مالی معاونت فراہم کی جنہوں نے بدلے میں برانڈ کو فروغ دیا اور کمپنی کے مارکیٹ شیئر میں اضافے کا باعث بنے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انڈیا کے انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ نے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں موقف اپنایا ہے کہ پرنوڈ رکارڈ نے انڈیا میں سال 2001 میں ایچ ایس بی سی بینک کو 2 ارب روپے کی گارنٹی فراہم کی تھی اور ریٹیلرز یعنی پرچون فرشوں کو آسان قرضے فراہم کرنے کا کہا۔
دستاویزات کے مطابق آسان قرضوں سے حاصل ہونے والی رقم کے ذریعے ریٹیلرز نے دہلی میں الکوحل سٹور کھولنے کا لائسنس حاصل کیا۔
پرنوڈ رکارڈ کی جانب سے فراہم کردہ مالی معاونت کے بدلے میں ریٹلرز کے لیے یہ یقینی بنانا لازم تھا کہ وہ اپنی دکانوں میں 35 فیصد سٹاک اسی برانڈ کا رکھیں گے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ کے مطابق کمپنی کی طرف سے ریٹیلرز کو مالی مدد دینے کے بعد پرنوڈ رکارڈ کے مارکیٹ شیئر 15 سے 35 فیصد تک بڑھ گئے تھے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ حکومتی پالیسی کے تحت دہلی میں مینوفیکچررز کو بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر فروخت کی اجازت نہیں اور پرنوڈ رکارڈ نے بینک کے ذریعے ریٹیلرز میں سرمایہ کاری کر کے پالیسی کی خلاف ورزی کی۔
پرنوڈ رکارڈ انڈیا نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے حکام کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اس کیس میں پرنوڈ انڈیا کے سربراہ برائے انٹرنیشنل برانڈ بینوئے بابو کو گزشتہ سال نومبر میں گرفتار کیا گیا تھا جو ابھی تک جیل میں ہیں۔
بینوئے بابو پر انڈین قانون کے تحت منی لانڈرنگ اور دہلی کی الکوحل پالیسی کی خلاف ورزی کا الزام ہے تاہم انہوں نے الزامات کو مسترد کیا ہے۔
بینوئے بابو پر فی الحال جرم ثابت نہیں ہوا اور انہوں نے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت دہلی کی عدالت میں 19 جنوری کو ہوگی۔
ضمانت کی درخواست میں بینوئے بابو نے مؤقف اپنایا کہ ان کی گرفتاری غیرقانونی تھی اور انہوں نے پرنوڈ رکارڈ کی جانب سے کیے گئے فیصلے میں کوئی کردار نہیں ادا کیا۔
الکوحل کمپنی پرنوڈ رکارڈ کے انڈیا کی سٹاک مارکیٹ میں 17 فیصد شیئر ہیں۔