Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ کا قومی اسمبلی نہ توڑنے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اجلاس میں طے کیا گیا کہ ’کسی بھی صورت عمران خان کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے‘ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو پنجاب میں انتخابات کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن کے مطابق ’نواز شریف نے سنیچر کو لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے مسلم لیگ ن کے اجلاس کی صدارت کی۔‘
 اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر قانونی اعظم نذیر تارڑ اور دیگر اہم رہنما شریک تھے۔
بعد ازاں مسلم لیگ ن کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ ’نواز شریف نے ہدایت کی کہ پورے پنجاب میں پارٹی رہنما اور کارکن متحرک ہو جائیں۔‘
’نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ’پارٹی کے امیدوار پنجاب میں بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لینے کی تیاری کریں۔‘
اپنے بیان میں ترجمان نے مزید بتایا کہ ’قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا غیر جمہوری سوچ رکھنے والے عمران خان سے کوئی اچھی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔‘
’اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کی حکومت میں ملک کو پہنچنے والے نقصان سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔‘
’پارٹی رہنماؤں نے بات پر زور دیا کہ ’عمران خان کے دور میں ان کے گھر سے شروع ہونے والی کرپشن کے بارے میں بھی عوام کو بتایا جائے گا۔‘
’اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، کسی بھی صورت عمران خان کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھرپور الیکشن لڑیں گے۔‘

شیئر: