ریاض میں تاریخی میچ، رونالڈو اور میسی مدمقابل ہوں گے
ریاض میں تاریخی میچ، رونالڈو اور میسی مدمقابل ہوں گے
جمعرات 19 جنوری 2023 14:50
سعودی عرب حالیہ چند برسوں میں دنیا بھر کے کھیلوں کے شائقین کے پسندیدہ مقام کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
اسی سلسلے میں شاہ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم ریاض میں آج (جمعرات کی) شام آٹھ بجے سعودی عرب کے النصر اور الھلال کلب کے کھلاڑی فرانسیسی ٹیم ’پیرس سینٹ جرمین‘ کے مدمقابل ہوں گے۔
جریدے ’سبق‘ کے مطابق مملکت کے وژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں مختلف کھیلوں کی ٹورنامنٹس ہو رہے ہیں اور دنیا بھر کی نگائیں ان مقابلوں کی جانب مرکوز ہیں۔
اس وقت فٹبال کے دنیا بھر سے شائقین سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کا رخ کر رہے ہیں جہاں بہترین عالمی فٹبالرز اپنا کھیل پیش کرنے والے ہیں۔
مشہور پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹائن کے لیونل میسی شائقین کی دلچیسپی کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
’سبق‘ کے مطابق ریاض سیزن کے تحت ہونے والے فٹبال میچز دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لگ بھگ 20 لاکھ شائقین نے ٹکٹ خریدے جو مملکت میں کھیلوں کے فروغ کی واضح علامت ہے۔
ریاض سیزن کے تحت ہونے والے فٹبال میچز دیکھنےکے لیے دنیا بھر سے لگ بھگ 20 لاکھ شائقین نے ٹکٹ خریدے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ریاض سیزن کے میچوں میں حال ہی میں سعودی عرب کے النصر کلب کا حصہ بننے والے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کے ساتھ محمد العویس، ایمن بخاری، عبدالالہ العمری، علی لجامی، سعود عبدالحمید، سعود عبدالحمید، جانگ ہایون سو، عبداللہ مادو، خلیفہ الدوسری، علی البلیھی، لوئس گوستاوو، عبداللہ الخبیری، عبداللہ عطیف، محمد کنو، سالم الدوسری، سامی النجعی، میتھیوز پریرا، اینڈرسن ٹیلسا، بیٹی مارٹینز، ایںدرہ کوریلو، موسیٰ ماریگا ہوں گے۔
ٹیم کے کوچ مارسیلو گلارڈو ہوں گے۔
ریاض سیزن کے تحت ہونے والے مقابلوں میں النصر اور الھلال کلب کے 22 کھلاڑی شریک ہوں گے جو اپنے عمدہ کھیل سے مملکت کو اس شعبے کی بلندیوں تک لے جائیں گے۔