’ریاض، کتنا خوبصورت شہر ہے‘، رونالڈو اور جورجینا کی بچوں کے ہمراہ تفریح
’ریاض، کتنا خوبصورت شہر ہے‘، رونالڈو اور جورجینا کی بچوں کے ہمراہ تفریح
منگل 17 جنوری 2023 8:40
جورجینا نے ریاض کے تفریحی پارک کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں۔ فوٹو: عرب نیوز
فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور جورجینا روڈریگوز نے بچوں کے ہمراہ ریاض کے بولیوارڈ ورلڈ میں ایک دن گزارا۔
بولیوارڈ ورلڈ بڑے پیمانے پر تفریحی زون ہے جو ریاض سیزن کے تہواروں کا حصہ ہے۔ اس میں ہر عمر کے افراد کے لیے تفریحی مقامات اور سرگرمیوں کا سامان ہے جس کیبل کار، تفریحی سواری، کارنیوال گیمز اور رکاوٹوں کے مقابلے کی جگہ بھی شامل ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جورجینا روڈریگوز جو سوشل میڈیا انفلوئنسر اور ماڈل بھی ہیں، نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ریاض، کتنا خوبصورت شہر ہے۔‘
ایک تصویر میں جورجینا کو سکائی لوپ رائیڈ کے سامنے جانوروں کے سٹفڈ ماڈلز اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔
ریاض بولیوارڈ ورلڈ میں 43 میٹر اونچے رولر کوسٹر کو دنیا میں سب سے بڑے پورٹیبل رائیڈ کا درجہ دیا گیا ہے اور یہ گینز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہے۔
ریاض بولیوارڈ ورلڈ میں دن گزارنے کے لیے جورجینا نے ایک خوبصورت سیاہ اور سفید کارڈیگن شرٹ زیب تن کرنے کا انتخاب کیا، جس کے ساتھ سرمئی جینز اور گھٹنوں تک نوکیلے سٹیلیٹو جوتے پہنے ہوئے تھے۔
جورجینا نے اپنے بالوں کو سادہ لیکن وضع دار انداز میں باندھا ہوا تھا۔
دوسری تصاویر میں جورجینا کو اپنی بیٹیوں کے ساتھ تفریح کرتے، ان کے ساتھ گھومتے پھرتے اور رنگدار مٹی سے چیزیں بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ایک اور تصویر میں رونالڈو کے بیٹے نے مارول کی ایوینجرز اور ایکس مین فلموں کے کرداروں کے ساتھ پوز دیا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے بھی ریاض بولیوارڈ ورلڈ میں لی گئی فیملی کے ساتھ تصویر شیئر کی۔ ایک تصویر میں وہ جورجینا کے ساتھ آبی مرکز میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے تصاویر کے ساتھ لکھا کہ ’اپنے پیاروں کے ساتھ بہترین وقت گزارا گیا۔‘
ریاض بولیوارڈ میں مصنوعی طور پر بنائی گئی دنیا کی سب سے بڑی جھیل بھی ہے جس میں عالمی فٹبال سٹار نے اپنی فیملی کے ساتھ تصاویر بنائیں۔
جورجینا اور رونالڈو سنہ 2016 سے ایک ساتھ ہیں اور دونوں کے دو بچے ہیں جبکہ جورجینا رونالڈو کے تین دیگر بچوں کی سوتیلی ماں ہے۔