سکیش چندرشیکھر نے بہترین لائف سٹائل دینے کا وعدہ کیا: نورا فتحی
نورا فتحی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی ذاتی طور پر سکیش چندرشیکھر سے رابطہ نہیں کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ اداکارہ اور معروف ڈانس گرل نورا فتحی نے عدالت میں بیان دیا ہے کہ ان سے سکیش چندرشیکھر نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ان کی گرل فرینڈ بن جائیں تو وہ انہیں بڑا گھر اور بہترین لائف سٹائل دیں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق نورا فتحی نے یہ بیان نئی دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں منی لانڈرنگ کے کیس کی سماعت کے دوران دیا۔ اس کیس میں سکیش چندرشیکھر مرکزی ملزم ہیں۔
نورا فتحی نے عدالت میں کہا کہ ’بہت سی اداکارائیں شدت سے چاہتی ہیں کہ سکیش ان کا خیال رکھیں، شروع میں مجھے علم نہیں تھا کہ سکیش کون ہیں تاہم بعد میں مجھے لگا کہ وہ ایل ایس کارپوریشن کمپنی میں نوکری کرتے ہیں۔‘
’میں نے کبھی اُن سے ذاتی طور پر کبھی رابطہ کیا نہ کبھی اُن سے گفتگو کی۔ مجھے ان کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہے، نہ ہی میری اُس سے ملاقات ہوئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ایک ہی مرتبہ ان سے ملی ہوں جب ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ (ای ڈی) کے دفتر میں مجھے ان کے ساتھ پیش ہونا پڑا تھا۔‘
نورا فتحی کا یہ بیان ان کی دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ آمد کے کئی دن بعد سامنے آیا ہے اور ان کے اس بیان کو کیس میں ثبوت کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پچھلے سال نورا فتحی سمیت جیکلین فرنینڈز، نِکی تمبولی اور چاہت کھنہ کا نام فراڈ اور منی لانڈرنگ کے ملزم سکیش چندرشیکھر کے ساتھ جوڑا گیا تھا۔
سکیش چندرشیکھر پر 215 کروڑ انڈین روپے کی منی لانڈرنگ اور فراڈ کا الزام ہے، تاہم ای ڈی کی جانب سے نورا فتحی پر بھی الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے سکیش چندرشیکھر سے گاڑیاں، ہیرے اور قیمتی بیگز تحفے میں لیے تھے۔