Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیکلین اور نورا فتیحی کو قیمتی تحائف کس نے دیے؟

جیکلین فرنانڈیز نے انکشاف کیا کہ چندرشیکر نے ان کے لیے جیٹ طیاروں پر سفر کا بھی انتظام کیا (فوٹو: انسٹاگرام)
انڈیا کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ سلیبریٹیز جیکلین فرنانڈیز اور نورا فتیحی کو ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندرشیکر کی طرف سے قیمتی تحائف دیے گئے ہیں۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سکیش چندرشیکر کے خلاف 200 کروڑ کی منی لانڈرنگ کے کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ کے مطابق ’تحقیقات کے دوران، جیکلین فرنانڈیز کے بیانات 30 اگست 2021 اور 20 اکتوبر 2021 کو ریکارڈ کیے گئے۔
جیکلین فرننڈز نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں گوچی، چینل کے تین ڈیزائنر بیگز، گوچی کے دو ملبوسات، لوئس ویٹن کے جوتے، ہیرے کی بالیاں اور مختلف رنگوں کے پتھروں سے بنی بریسلیٹ، دو ہرمیس بریسلیٹ جبکہ ایک منی کوپر بھی دیا گیا جو انہوں نے لوٹا دیا۔‘
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق جیکلین فرنانڈیز نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سکیش چندرشیکر نے کئی مواقع پر ان کے لیے نجی جیٹ طیاروں پر سفر کا بھی انتظام کیا جو ہوٹل میں قیام کے علاوہ تھا۔
یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سکیش چندرشیکر نے نورا فتیحی کو گذشتہ سال دسمبر میں 2020 میں ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی تحفے میں دی جو محبوب خان کے نام سے رجسٹر ہے۔
نورا فتیحی کے بیانات 13 ستمبر اور 14 اکتوبر کو ریکارڈ کیے گئے جن میں انہوں نے بتایا کہ انہیں ایک چیریٹی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں چندرشیکر کی اہلیہ لینا ماریہ پال کی جانب سے گوچی بیگ اور ایک آئی فون بطور تحفہ دیا گیا۔

سکیش چندرشیکر نے نورا فتیحی کو گذشتہ سال دسمبر میں 2020 میں ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی تحفے میں دی (فوٹو: انسٹاگرام)

نورا نے مزید بتایا کہ لینا ماریہ پال نے اپنے شوہر کو کال کی اور فون کو سپیکر پر لگایا اور انہوں (چندرشیکر) نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بڑے مداح ہیں۔
انہوں (لینا ماریہ پال) نے اعلان کیا کہ وہ انہیں ’محبت کی نشانی‘ کے طور پر ایک نئی بی ایم ڈبلیو گاڑی تحفے میں دے رہے ہیں۔
اینفوسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دوران حراست ملزم چندرشیکر کا بیان 14 اکتوبر کو ریکارڈ کیا گیا جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے نورا فتیحی کو ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی ایس سیریز تحفے میں دی جسے نورا کے کہنے پر بوبی کان کے نام پر رجسٹر کرایا گیا۔
دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 200 کروڑ کے منی لانڈرنگ کیس میں چندرشیکر، لینا ماریہ پال اور دیگر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ کی معلومات حاصل کر لی ہیں۔

شیئر: