Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نورا فتحی 200 کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں طلب

غبن کیس میں جیکلین فرنینڈس بھی ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے سامنے پیش ہوں گی (فائل فوٹو: جیکلین فرنینڈس انسٹاگرام)
کینیڈین نثراد انڈین اداکارہ نورا فتحی جمعرات کے روز 200 کروڑ روپے کے غبن کے کیس میں نئی دہلی میں ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے سامنے پیش ہوئیں۔
غبن اور بھتہ خوری کے اس کیس میں دو ملزمان چندرا شیکھر اور ان کی اہلیہ غیر معروف اداکارہ لینا پال پہلے سے ہی گرفتار ہیں۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق نورا فتحی کو پہلے سے گرفتار جوڑے سے مبینہ تعلق پر پوچھ گچھ کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔
اسی کیس میں بالی وڈ کی ایک اور اداکارہ جیکلین فرنینڈس بھی ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے سامنے پیش ہوں گی۔
تاہم انڈین نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق دونوں اداکارائیں بھی چندرا شیکھر کے ہاتھوں مالی نقصان کا شکار رہی ہیں۔
چندرا شیکھر اور لینا پال کو ادیتی سنگھ نامی خاتون کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ادیتی کا دعویٰ ہے کہ ’ان کے شوہر شویندر سنگھ ایک کیس میں گرفتار تھے، ایسے میں ایک شخص نے وزارت قانون کا سینیئر افسر بن کر انہیں فون کیا اور کہا کہ وہ رقم کے بدلے میں ان کے شوہر کو ضمانت پر رہا کروا سکتے ہیں۔‘
ادیتی سنگھ کا دعویٰ ہے کہ جون 2020 سے لے کر اب تک چندرا شیکھر کو 30 اقساط میں 200 کروڑ روپے دے چکی ہیں اور انہیں بتایا گیا تھا کہ یہ رقم انڈیا کی حکمران جماعت بھارتیہ جننتا پارٹی (بی جے پی) کے فنڈ میں جمع ہوگی۔
چندرا شیکھر کی بیوی لینا پال کون ہیں؟
انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ان کا پورا نام لینا ماریہ پال ہے جو تعلیم کے اعتبار سے بینگلور میں دندان ساز تھیں، لیکن انہوں نے اداکاری کے شوق میں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کو خیرباد کہا اور شوبر انڈسٹری کی جانب رخ کرلیا۔
لینا پال نے اپنے فلمی سفر کا آغاز 2009 میں ملیالم زبان کی فلم ’ریڈ چلیز‘ سے کیا اور بعد میں ’ہزبینڈز ان گوا‘، ’کوبرا‘ اور بریانی جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔

لینا ماریہ پال نے اداکاری کے شوق میں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کو خیرباد کہا اور شوبر انڈسٹری کی جانب رخ کرلیا (فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

نورا فتحی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ
اس وقت نورا فتحی کا نام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے اور صارفین ان کی اس کیس میں ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے سامنے حاضری پر طرح طرح کے تبصرے کررہے ہیں۔
جیون سنگھ نامی ٹوئٹر صارف نے اداکار انیل کپور کی فلم ’نائیک‘ کی تصویر شیئر کی جس پر لکھا تھا ’سب کے سب چور ہیں۔‘
ٹوئٹر پر زوم ٹی وی نے ایک ویڈیو بھی لگائی جس میں نورا فتحی کو ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ کے دفتر میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے نورا فتیحی کا مذاق اڑانے کے لیے مشہور فلم ’ہیرا پھیری‘ کی میم بھی شیئر کی۔
اکھیلیش نامی ٹوئٹر صارف نے الزام لگایا کہ بالی وڈ کے پروڈیوسرز غیر ملکی اداکاروں کا استعمال کرتے ہیں کالا دھن ملک سے باہر بھیجنے کے لیے۔
اس حوالے سے نورا فتحی یا جیکلین فرنینڈس کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

شیئر: