کراچی کے بلدیاتی انتخابات، نئے ڈیجیٹل بینک، ڈالر کی کمی سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
ہفتہ 21 جنوری 2023 0:23
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا معرکہ مکمل ہو کر بات نتائج اور پھر میئر کراچی کے انتخاب کی جانب بڑھی تو یہ خبر ہفتہ رفتہ کے دوران سب سے زیادہ پڑھا جانے والا موضوع بنی۔
اردو نیوز کے قارئین نے پاکستان کے پانچ نئے ڈیجیٹل بینکوں کی خدمات سے متعلق جاننا چاہا تو ڈالر کی کمی کے معیشت پر اثرات، وزیراعلی پنجاب کے لیے عمران خان کے نام اور کنویں میں گرنے والے بچے کی لاش نکالنے کی خبر کو بھی توجہ سے پڑھا۔
کراچی کے بلدیاتی انتخابات، کس کی کتنی نشستیں
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے کراچی ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن کے 205 یونین کونسلوں کے غیرحتمی نتائج جاری کیے ہیں۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 86 یونین کونسلوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ جماعت اسلامی 68 کے ساتھ دوسرے اور پاکستان تحریک انصاف 37 یونین کونسلوں میں چیئرمین کی نشستیں جیتنے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان کے پانچ نئے ڈیجیٹل بینک کون سی مختلف سہولیات دیں گے؟
پاکستان کے مرکزی بینک نے ملک میں پانچ نئے ڈیجیٹل بینکس کے قیام کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے جس کے بعد پاکستانی صارفین بغیر برانچ جائے نہ صرف اپنے اکاؤنٹس کھول سکیں گے بلکہ قرض لینے اور کار فنانسنگ سمیت دیگر ضروریات گھر بیٹھے پوری کر سکیں گے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان کے سٹیٹ بینک نے پانچ درخواست گزاروں کو ڈیجیٹل بینک قائم کرنے کے لیے این او سی جاری کیا تھا جن میں کویت اور یو اے ای کے بینک بھی شامل تھے۔
کیا شاہد خاقان، مفتاح اسماعیل اور مصطفیٰ نواز نئی سیاسی جماعت بنا رہے ہیں؟
پاکستان میں سوشل میڈیا پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ ایک نئی سیاسی جماعت بنا رہے ہیں جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ہم خیال لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔
اس بات کو لوگوں کی بڑی تعداد درست اطلاع سمجھ رہی ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں عموماً عام انتخابات سے قبل کوئی نہ کوئی نئی سیاسی جماعت وجود میں آجاتی ہے جو بڑی سیاسی جماعتوں کا ووٹ بینک متاثر کرتی ہے یا متاثر کرنے کے لیے ہی بنائی جاتی ہے۔
ڈالر کی کمی سے پاکستان کی معیشت کا پہیہ رُکنے لگا: خبر ایجنسی
پاکستان کے شہر کراچی کی بندرگاہ پر اشیائے خور و نوش، خام مال اور طبی آلات سے بھرے ہزاروں کنٹینرز روک دیے گئے ہیں کیونکہ ملک کو اس وقت غیرملکی زرمبادلہ کے شدید بحران کا سامنا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈالرز کی کمی کی وجہ سے بینکوں نے امپورٹرز کو نئے لیٹرر آف کریڈٹ (ایل سی) جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ ایک ایسی معیشت کے لیے دھچکا ہے جو پہلے ہی بڑھتے افراط زر اور کمزور معاشی نمو سے بدحال ہے۔
خیبرپختونخوا: کنویں میں گرنے والے بچے کی میت کو چھ دن بعد نکالنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے گاؤں عالم گودر میں 10 جنوری کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک تین سالہ بچہ یحییٰ آفریدی بورنگ کے لیے کھودے گئے گہرے کنویں میں اس وقت جا گرا جب وہ اپنے نابینا والد کے ساتھ گھر جا رہا تھا۔
بچے کو نکالنے کے لیے 24 گھنٹے تک ریسکیو آپریشن کیا گیا مگر گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے بچے کو نکالنا ممکن نہ ہو سکا۔
نگراں وزیراعلٰی پنجاب، عمران خان کی تجویز کردہ تین شخصیات کون؟
سابق وزیراعظم عمران خان اور قائم مقام وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کے درمیان صوبے کے نگراں وزیراعلٰی کے نام پر مشاورت ہوئی ہے۔
مشاورت کے بعد پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی کے لیے تین نام تجویز کیے گئے ہیں۔
بلدیاتی الیکشن: پی ٹی آئی کو کراچی میں شکست کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟
ملک بھر سمیت کراچی میں مقبولیت کا دعویٰ کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کو بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔
پیر کی رات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے غیرحتمی نتائج کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 246 میں سے صرف 40 نشستیں لے سکی ہے۔ ان نتائج سے پارٹی کی مقبولیت کے دعوں کو بڑا دھچکہ پہنچا ہے۔
گورنر نے سمری پر دستخط نہیں کیے، پنجاب اسمبلی خودبخود ٹُوٹ گئی
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی جانب سے مقررہ 48 گھنٹوں کے اندر صوبائی اسمبلی تحلیل نہ کرنے کے بعد صوبائی اسمبلی ازخود تحلیل ہو گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور صوبائی کابینہ اپنے عہدوں پر برقرار نہیں رہے تاہم نگراں وزیراعلٰی کے تقرر تک پرویز الٰہی قائم مقام وزیراعلٰی کے طور پر اپنا کام جاری رکھیں گے۔