سشمیتا سین کا اپنے لیے تحفہ، ’طاقت ور حسینہ خود کو پیش کرتی ہوں‘
سشمیتا سین کی نئی گاڑی کی قیمت 1.63 کروڑ ہے۔ فوٹو: انسٹا سشمیتا سین
بالی وڈ اداکارہ اور حسینہ کائنات کا تاج اپنے نام کرنے والی سشمیتا سین نے انتہائی مہنگا تحفہ خریدا ہے جو کسی اور کے لیے نہیں بلکہ اپنے لیے ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر سشمیتا سین نے تحفے کی ویڈیو پوسٹ کی اور ساتھ میں لکھا ’خاتون جسے ڈرائیور کرنا بے حد پسند ہے اس نے خود کو یہ طاقت وار حسینہ تحفے میں پیش کی ہے۔‘
حسینہ کائنات نے خود کو کوئی معمولی تحفہ نہیں پیش کیا بلکہ کالے رنگ کی برینڈ نیو مرسیڈیز جی ایل ای 53 دی ہے۔
پوسٹ کے ساتھ جہاں سشمیتا سین نے اور بھی ہیش ٹیگز استعمال کیے وہیں ایک تھا ’سیلیبریٹ یور سیلف‘ یعنی جہاں ہم مختلف موقعوں پر خوشی منا رہے ہوتے ہیں وہیں ’اپنے آپ کو منائیں‘ یا خود سے بھی لطف اندوز ہوں۔
اس خاص موقعے کے لیے جب انہیں اپنا ہی خریدا ہوا تحفہ ڈلیور ہوا تو سشمیتا سین نے بھی گاڑی کے ساتھ میچنگ کرتے ہوئے کالے رنگ کے کپڑے ہی زیب تن کرنا چاہے۔
سشمیتا سین نے اپنی طاقت ور حسینہ کے ساتھ چند اور تصاویر بھی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں اور ساتھ لکھا ’بیوٹی اینڈ دا بیسٹ۔‘
ایک صارف نے پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سشمیتا سین کی طاقت ور حسینہ کو ’کالا ہیرا‘ کا نام دے دیا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس گاڑی کی قیمت 1.63 کروڑ ہے۔
کئی عرصے بعد سشمیتا سن ٹیلی ویژن سیریز ’آریا 3‘ میں نظر آئیں گی جس میں وہ ایک مضبوط اور طاقتور خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں۔