امارات میں پہلا روزہ 23 مارچ کو ہونے کا امکان
اتوار 22 جنوری 2023 20:02
اس سال روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے ہوگا ( فائل فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں فلکیاتی انجمن کے سربراہ ابراہیم الجروان نے کہا ہے کہ’ اس سال رمضان کا پہلا روزہ جمعرات 23 مارچ کو ہونے کا امکان ہے‘۔
’روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے ہوگا۔عید الفطر جمعہ 21 اپریل کو ہونے کی توقع ہے‘۔
الامارات الیوم کے مطابق ابراہیم الجروان نے کہا کہ’ رمضان کاچاند منگل 21 مارچ کو سورج غروب ہونے کے بعد رات نو بجکر 23 منٹ پر طلوع ہوگا۔بدھ 22 مارچ کو شعبان کی 30 تاریخ ہوگی اور جمعرات 23 مارچ کو رمضان کا پہلا روزہ ہوگا‘۔
فلکیاتی انجمن کے سربراہ ابراہیم الجروان نے عید الفطر کے حوالے سے بتایا کہ ’شوال کا چاند جمعرات 20 اپریل کو صبح 8 بجکر 30 منٹ پر طلوع ہوگا۔ غروب آفتاب کے وقت مغربی افق پر چار ڈگری بلندی پر نظر آئے گا۔ سورج غروب ہونے کے تقریبا 22 منٹ تک دیکھا جاسکے گا۔ عید کاپہلا دن جمعہ 21 اپریل کو ہوگا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس سال رمضان کے پہلے اورآخری روزے میں تقریبا 40 منٹ کا فرق ہوگا۔ پہلا روزہ آخری روزے کے مقابلے میں چھوٹا اور آخری روزہ لمبا ہوگا۔ پہلا روزہ تقریبا 12گھنٹے 16منٹ اور آخری روزہ 12 گھنٹے 54 منٹ کا ہوگا‘۔