Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی ٹی20 ٹیمز آف دی ایئر میں تین پاکستانی بھی شامل

فاسٹ بولر حارث رؤف نے 2022 میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 فارمیٹ کی مینز اور ویمنز ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کردیا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹیم میں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور فاسٹ بولر حارث رؤف شامل ہیں جبکہ ویمنز ٹیم میں آل راؤنڈر ندا ڈار کو سلیکٹ کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق محمد رضوان نے 2021 کی طرح 2022 میں بھی غیر معمولی فارم کا مظاہرہ کیا۔ وکٹ کیپر بیٹر نے سال بھر میں  996 رنز بنائے جس میں دس ففٹیاں بھی شامل تھیں۔
گذشتہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں محمد رضوان نے پاکستانی کی جانب سے سب سے زیادہ 175 رنز بنائے تھے۔
فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی 2022 میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی میں انہوں نے ٹی20 فارمیٹ میں ٹیم کی بولنگ لائن اپ کی کمان اپنے پاس رکھتے ہوئے سال بھر میں 31 وکٹیں حاصل کیں۔
گذشتہ سال یو اے ای میں ہونے والے ایشیا کپ میں حارث رؤف نے شاداب خان اور محمد نواز کے ساتھ آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اسی طرح ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی انہوں نے  آٹھ وکٹیں حاصل کیں جس میں فائنل میں انگلش کپتان جوس بٹلر کی اہم وکٹ بھی شامل تھی۔
دوسری جانب پاکستان ویمنز ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار نے بھی 2022 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی20 میچز میں 18 کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے سال بھر میں 14 ٹی20 میچز کھیلے جس میں صرف تین میچز ایسے تھے جب وہ کوئی وکٹ نہ حاصل کر سکیں۔
ندا ڈار نے گذشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف 37 گیندوں پر 56 رنز بنانے کے ساتھ 23 رنز دے کر دو وکٹیں بھی حاصل کیں جس کے باعث پاکستان نے انڈیا کو شکست دے دی تھی۔
2022 مینز ٹی20 ٹیم آف دی ایئر:
جوز بٹلر (کپتان)، محمد رضوان، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادو، گلین فلپس، سکندر رضا، ہاردک پانڈیا، سیم کرن، وانندو ہاسارنگا، حارث رؤف، جوش لٹل۔
2022 ویمنز ٹی20 ٹیم آف دی ایئر:
  سمتری مندھنا، بیتھ مُونی، صوفی ڈیوائن (کپتان)، ایش گارڈنر، ٹاحلیا مکگراتھ، ندا ڈار، دیپتی شرما، ریچا گوش، صوفی ایسسلٹون، انوکا رانا وِیرا، رینوکا سنگھ۔

شیئر: