Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز ایشیا کپ: بسمہ معروف اور ندا ڈار نے پاکستان کو اہم فتح دلادی

 
کوالالمپور:کپتان بسمہ معروف کی شاندار بیٹنگ اور ندا ڈار کی تباہ کن بولنگ کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم نے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ویمنز ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے اہم میچ میں سری لنکا کو 23 رنز سے شکست دے دی ۔بسمہ معروف کے ناقابل شکست 60رنز کی بدولت پاکستانی ٹیم سری لنکا کو 137رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی جس کے بعد ندا ڈار نے طوفانی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 21 رنز دے کر5سری لنکن کھلاڑیوں کو پویلین بھیجتے ہوئے اسے 123رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ندا ڈار کو ان کی فتح گر بولنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کوالالمپور کے کنرارا اکیڈمی اوول گراونڈ میں ہونے والے میچ کا ٹاس جیت کر سری لنکا نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان بسمہ معروف نے بنائے اور وہ 60 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہیں۔ اوپنر ناہیدہ خان نے 34 گیندوں پر 38 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے سگند یکا کماری نے2وکٹیں لیں۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنر ز نے ٹیم کو 48رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن ندا ڈار کی جانب سے اوپنر یسودا مینڈس کو آوٹ کئے جانے سے وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ تھم نہ سکا اور سری لنکن ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر113رنز ہی بنا سکی ۔یسودا اور ان کی ساتھی نپونی ہنسیکا نے با لترتیب25اور24رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ کپتان ششی کلا سریوردھنے نے13رنز بنائے ۔ ندا ڈار نے 4اوورز میں21رنز دیئے اور5وکٹیں لیں جبکہ ایک، ایک کھلاڑی کو نشرا سندھو اور بسمہ معروف نے آوٹ کیا۔سری لنکا کی 2بیٹرز رن آوٹ ہوئیں۔پاکستانی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ تھائی لینڈ کے خلاف 8وکٹوںسے جیت لیا تھا تاہم دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں7وکٹوں سے شکست کے بعد سری لنکا کے خلاف اس میچ میں کامیابی ضروری تھی۔اس فتح کے بعد پاکستان کے4 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔پاکستانی ٹیم اس سے پہلے سری لنکا کو مارچ میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دے چکی ہے اور سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر اس کی کارکردگی اچھی رہی ہے۔پاکستان کے پاس سابق کپتان ثناءمیر اور موجودہ کپتان بسمہ معروف جیسی تجربہ کار آل راونڈرز موجود ہیں اور بولنگ میں انعم امین عمدہ بولر بھی ٹیم کو دستیاب ہے۔

شیئر: