Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے محمد رضوان آئی سی سی پلیئر آف دا منتھ قرار

ستمبر کے مہینے میں محمد رضوان نے پاکستان کے لیے 10 میچ کھیلے اور سات ففٹیاں سکور کیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ان کی بہترین بیٹنگ پر انہیں ستمبر کا ’پلیئر آف دا منتھ‘ قرار دیا ہے۔
اس ایوارڈ کے لیے انڈین سپنر اکشر پٹیل اور آسٹریلین آلراؤنڈر کیمرون گرین کو بھی نامزد کیا گیا تھا لیکن یہ ایوارڈ پاکستانی بیٹر نے جیت لیا۔
خیال رہے ٹی20 کی بیٹرز کی انٹرنیشنل کرکٹ رینکنگ میں محمد رضوان کا نمبر پہلا ہے۔
پلیئر آف دا منتھ قرار دینے پر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ’میں اپنی ٹیم کے ساتھیوں کو سراہنا چاہوں گا جنہوں نے میرے لیے تمام چیزیں آسان کردی ہیں۔‘
وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی طرف سے دیا جانے والا اعزاز ان کا کانفیڈینس بڑھائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں اور آسٹریلیا میں یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہوں۔‘
محمد رضوان کا کہنا ہے کہ وہ یہ ایوارڈ پاکستان میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ لوگوں کے نام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ’اس سے ان کے چہرے پر مسکراہٹ آئے گی۔‘
ستمبر کے مہینے میں محمد رضوان نے پاکستان کے لیے 10 میچ کھیلے اور سات ففٹیاں سکور کیں۔
وہ انگلینڈ کے خلاف حالیہ سات ٹی20 میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ مہمان ٹیم کے خلاف انہوں نے 63.20 کی اوسط سے 316 رنز بنائے تھے۔

شیئر: