جیسنڈا آرڈرن کا بطور وزیراعظم آخری دن، ’عوام کو یاد کروں گی‘
جیسنڈا آرڈرن کا بطور وزیراعظم آخری دن، ’عوام کو یاد کروں گی‘
منگل 24 جنوری 2023 12:34
جینسڈا آرڈرن اپریل تک پارلیمان کی رکن رہیں گی۔ فوٹو: اے پی
جیسنڈا آرڈرن نے بطور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم آخری مرتبہ عوامی تقریب میں شرکت کرتے ہوتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں کو سب سے زیادہ یاد کریں گی جن کی وجہ سے کام کرنے کی خوشی تھی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق منگل کو جیسنڈا آرڈرن نے نامزد وزیراعظم کرس ہپکنز سمیت دیگر ارکان پارلیمان کے ہمراہ ایک مقامی تقریب میں شرکت کی جس کے بعد ان کا پانچ سالہ اقتدار اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ملکی سطح پر بڑھتی ہوئی تنقید کی وجہ سے اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس نے نیوزی لینڈ کی عوام کو حیران کر کے رکھ دیا تھا۔
جیسنڈا آرڈرن پانچ سال سے زیادہ کے عرصے تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہیں اور اس دوران عالمی شخصیت بن کر ابھریں۔
اتوار کو لیبر پارٹی کے ارکان پارلیمان نے کرس ہپکنز کو وزیراعظم نامزد کیا ہے جو بدھ کو حلف اٹھائیں گے۔
تقریب کے موقع پر جیسنڈا آرڈرن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیس سالوں سے ان کی کرس ہپکنز کے ساتھ دوستی ہے اور انہیں ایک ہی مشورہ دے سکتی ہیں کہ اپنی جگہ بناتے ہوئے وہ خود لیڈر کے طور پر اُبھریں۔
’دراصل ایسی کوئی نصیحت نہیں جو میں انہیں دینا چاہوں گی۔ صرف معلومات اور اپنےتجربات شیئر کر سکتی ہوں۔ باقی تو ان پر ہی منحصر ہے۔‘
جیسنڈا آرڈرن نے استعفے کے اعلان کے بعد سامنے آنے والے بیانات پر بھی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعظم انہیں بہت پیار اور ہمدردی ملی۔
جیسنڈا آرڈرن کے اعلان پر ہونے والے تبصروں میں یہ تاثر دیا گیا کہ خاتون ہونے کے ناطے انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان کے خلاف طنزیہ بیانات دیے گئے جو مستعفی ہونے کا سبب بنے۔
تاہم جیسنڈا آرڈرن نے ان تبصروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ اور اس کے عوام کے لیے بے تحاشہ پیار کے ساتھ یہ عہدہ چھوڑ رہی ہیں۔
’میں نے یہ کام اکیلے نہیں کیا۔ میرے ساتھ نیوزی لینڈ کی خدمت کرنے والے بہترین لوگ تھے۔ اور میں اس یقین کے ساتھ چھوڑ رہی ہوں کہ یہ بہترین ہاتھوں میں ہے۔‘
اس موقع پر نامزد وزیراعظم کرس ہپکنز نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عہدے کی تبدیلی پر وہ خوش ہونے کے ساتھ ساتھ اُداس بھی ہیں۔
’مجھے یہ عہدہ سنبھالنے پر فخر ہے لیکن سب کو یہ معلوم ہے کہ جیسینڈا میری بہت اچھی دوست ہیں۔‘
جیسنڈا آرڈرن وزیراعظم کے منصب سے دستبردار ہونے کے بعد اپریل تک پارلیمان کی رکن رہیں گی۔