Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیسنڈا آرڈرن کی تقریر: ’بےنظیر بھٹو نے جو راہ ہموار کی وہ آج بھی نمایاں‘

بے نظیر کو 27 دسمبر 2007 میں لیاقت باغ میں قتل کردیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے دہائیوں پہلے دنیا بھر کی خواتین کے حقوق کے لیے جو راہ ہموار کی تھی وہ آج بھی نمایاں ہے۔
امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی میں جمعرات کو گریجویشن کی تقریب میں جیسنڈا آرڈرن نے اپنی تقریر کا آغاز ہی پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’جون 1989 میں پاکستان کی وزیراعظم یہاں کھڑی ہوئیں اور اسی جگہ انہوں نے ایک تقریر کی جس کا ٹائٹل تھا جمہوری قوموں کو متحد ہونا چاہیے۔‘
جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ ’انہوں (بے نظیر بھٹو) نے اپنے [سیاسی] سفر، شہریوں کی اہمیت، نمائندہ حکومتوں، انسانی حقوق اور جمہوریت کے بارے میں بات کی تھی۔‘
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے یونیورسٹی میں بیٹھے سینکڑوں افراد کو بتایا کہ ان کی بے نظیر بھٹو سے ملاقات 2007 میں جنیوا میں ایک کانفرنس کے دوران ہوئی تھی اور اس کے چند ماہ بعد ہی انہیں قتل کردیا گیا تھا۔
واضح رہے پاکستان میں دو مرتبہ وزیراعظم منتخب ہونے والی بے نظیر بھٹو 27 دسمبر 2007 کو ایک انتخابی جلسے کے بعد راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک خودکش حملے میں تقریباً دو درجن افراد  سمیت ہلاک ہوگئیں تھیں۔
جیسنڈا آرڈرن نے نے نظیر بھٹو سے اپنا موازنہ کرتے ہوئے کہا ’ہم سب سیاسی رہنماؤں کے بارے میں کافی چیزیں لکھی گئی ہوں گی اور آراء میں اختلاف بھی ہوگا۔ لیکن بے نظیر بھٹو کے بارے میں دو چیزیں تاریخ کبھی رد نہیں کرے گی: وہ ایک اسلامی ملک میں وزیراعظم منتخب ہونے والی پہلی مسلمان خاتون تھیں جب خواتین کے اختیارات نایاب تھے۔ وہ پہلی وزیراعظم تھیں جنہوں نے اس منصب پر رہتے ہوئے ایک بچے کو جنم دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا کی دوسری خاتون وزیراعظم ہیں جنہوں نے وزارت اعظمیٰ کے منصب پر فائز رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کی پیدائش 21 جون 2018 کو ہوئی جو کہ بے نظیر بھٹو کا جنم دن ہے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے بے نظیر بھٹو کے حوالے سے مزید کہا کہ ’بحیثیت خاتون جو راستہ انہوں (بے نظیر بھٹو) نے ہموار کیا تھا وہ آج بھی اسی طرح نمایاں ہے جیسے دہائیوں پہلے تھا۔‘
پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین بھی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی تقریر میں بے نظیر بھٹو کا ذکر آنے پر خوشی و مسرت کا اظہار کررہے ہیں۔
گوہر شیخ نامی صارف نے لکھا کہ ’جسینڈا آرڈرن کا ہاروڈ میں بے نظیر بھٹو کی زندگی کے بارے میں بات کرنا مجھے رلا گیا۔‘

سویدا رحمان نامی صارف نے لکھا کہ ’جسینڈا آرڈرن نے خواتین کے لیے سیاست میں راہ ہموار کرنے میں بے نظیر بھٹو کا کردار تسلیم کیا ہے۔‘
وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’میں چاہتی ہوں کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور پاکستانیوں کے حوالے سے ایسی ہی بات کی جائے۔‘

فیصل میر نامی صارف نے لکھا کہ ’شہید بے نظیر بھٹو کے الفاظ کا ذکر ہزاروں سالوں تک دنیا کے رہنما کرتے رہیں گے۔‘

 انہوں نے مزید کہا کہ ’ان کا بیٹا بلاول بھٹو زرداری بین الاقوامی برادری کے لیے پاکستان کا اصل چہرہ ہے۔ شکریہ وزیراعظم جسینڈا آرڈرن۔‘

شیئر: