’فواد چودھری‘ پہلے پھڑیا جاندا تے ساڈا کم ٹھیک ہو جانا سی: پرویز الٰہی
’فواد چودھری‘ پہلے پھڑیا جاندا تے ساڈا کم ٹھیک ہو جانا سی: پرویز الٰہی
جمعرات 26 جنوری 2023 14:34
چودھری پرویز الٰہی کے مطابق ’عمران خان کو غلط مشورے دیے گئے اور آج اس کا نتیجہ دیکھ لیں‘ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
سابق وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ’میں نے پی ٹی آئی والوں کو کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دو، اسمبلی مت توڑو، مگر میری بات نہیں مانی گئی۔‘
جمعرات کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم ایک سال تک مزید کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے۔‘
’لیکن خان صاحب کے ساتھ جو بیٹھنے والے لوگ تھے وہ پارٹی کو لے کر بیٹھ گئے، تین چار بندوں کی وجہ سے، ان میں سے ایک بے چارہ (فواد چودھری) جس کا مجھے بہت افسوس ہے اگر پہلے پکڑا جاتا تو ہمارا کام بن جاتا اور شاید اسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔‘
چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ قدرتی امر ہے کہ ن لیگ والے بھی یہ ہی چاہ رہے تھے کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے۔‘
’میں نے انہیں کہا کہ آپ کو 25 مئی یاد ہے، آپ پھر کیوں بار بار ان ہی لوگوں کو آزماتے ہیں جو پہلے ہی آزمائے ہوئے ہیں ایسا نہ کریں۔‘
چودھری پرویز الٰہی کے مطابق ’ان لوگوں نے عمران خان کو غلط مشورے دیے اور آج اس فیصلے کا نتیجہ دیکھ لیں۔‘
’میں عمران خان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اللہ کے بعد ہمیں وزارت اعلٰی دی۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان آج بھی پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں اور ہم نے ان کا ساتھ دینا ہے۔‘
’ہم نے ان کے شانہ بشانہ چلنا ہے، یہ مشکلات آپ چودھری ظہور الٰہی کے زمانے سے یعنی 70 کی دہائی سے دیکھ چکے ہیں اور اس کے بعد بھی دیکھتے رہے ہیں۔
پرویز الٰہی کہتے ہیں کہ ’مجھے ن لیگ والوں نے کہا کہ شکر ہے آپ نے اسمبلی توڑ دی، اگر آپ نہ جاتے تو ہمارا کچھ نہ رہتا۔‘
نگراں وزیراعلٰی پنجاب کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’محسن نقوی عقل کا مارا ہوا ہے، یہ جو کچھ کر رہا ہے اسے سمجھ نہیں آرہی۔‘
تمہارا کام ہے الیکشن کرانا، کبھی کہتے ہو ہم کیس بنا دیں گے، کیا کر لو گے تم، تم نے گھر نہیں آنا؟‘
سابق وزیراعلٰی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنی وزارت اعلٰی کے دوران لاہور کو 21 ارب روپے کے منصوبے دیے۔‘