’پڑوسی خود نہیں چُن سکتے‘،انڈین وزیر کا تبصرہ
وزیر خارجہ ایس جے شنکر پونے میں اپنی کتاب کی تقریب رونمائی میں شریک تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ جس طرح پنداواس اپنے رشتے دار خود نہیں چُن سکتے تھے، اسی طرح ہم بھی اپنے جغرافیائی پڑوسیوں کا انتخاب نہیں کر سکتے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایس جے شنکر نے سنیچر کو پونے میں اپنی کتاب (The India Way: Strategies for an Uncertain World) کے مراٹھی زبان میں کیے گئے ترجمے ’بھارت مرگ‘ کی تقریب رونمائی میں یہ بات کہی ہے۔
تقریب کے دوران ایس جے شنکر سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ ‘ایک مشکل پڑوسی ملک (پاکستان) جو کہ ایٹمی طاقت بھی ہے، وہ اثاثہ ہے یا بوجھ؟‘
اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے ایک حقیقت ہے کہ ہم پڑوسیوں کا انتخاب نہیں کر سکتے۔‘
اسی تقریب میں ایس جے شنکر سے پاکستان کی معاشی صورت حال سے متعلق بھی سوال کیا گیا جس پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے، میں اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔‘
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سندھ طاس معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ تکنیکی معاملہ ہے۔ مستقل کے لائحہ عمل کا انحصار انڈیا اور پاکستان کے انڈس کمشنرز کے درمیان بات چیت پر ہے۔‘