امریکہ میں ہلاک ہونے والے سعودی طالبعلم کی نعش مملکت پہنچ گئی
اتوار 29 جنوری 2023 22:52
نمازجنازہ پیر کو ریاض البابطین جامع مسجد میں عصر بعد ہوگی(فائل: فوٹو مزمز)
امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا میں قتل ہونے والے سعودی طالب علم ولید عبداللہ الغریبی کی نعش اتوار کو سعودی عرب پہنچ گئی۔
ولید عبداللہ الغریبی کی نمازجنازہ پیر 30 جنوری کو ریاض البابطین جامع مسجد میں عصر بعد ہوگی جبکہ تدفین الشمال قبرستان میں کی جائے گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الغریبی نیٹ انجینیئرنگ میں سپیشلائزیشن کررہے تھے۔ تقریبا دو ماہ بعد کورس مکمل کرکے سعودی عرب واپسی کی تیاریوں میں تھے۔
امریکہ میں سعودی سفارتخانے کا کہنا کہ امریکی پولیس سے رابطے میں ہیں ۔سعودی طالب علم کے قتل کی ملزم خاتون سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔
سفارتخانے نے امریکی حکام کے ساتھ رابطے کرکے سعودی طالبعلم کی لاش مملکت بھجوانے کی کارروائی مکمل کرائی۔
قبل ازیں امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادہ ریما بن بندرنے مقتول سعودی طالب علم کے لواحقین سے رابطہ کرکے اظہارتعزیت کیا اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ۔
واضح رہے فلاڈیلفا کی پولیس نے جمعرات کو ملزمہ نیکول میری روجرکو گرفتار کرنے کی تصدیق کی تھی۔
25 سالہ سعودی طالب علم کی نعش عمارت کی تیسری منزل کے واش روم سے برآمد ہوئی تھی۔
امریکی پولیس نے ملزم کے بارے میں اطلاع دینے والے کو 20 ہزارڈالر کا انعام دینے کااعلان کیا تھا۔
ادھر امریکی ریاست پنسلوانیا کے جج نے ملزمہ کی ضمانت مسترد کردی ہے۔ اسے پولیس کی تحویل میں رکھا جائے گا۔ عدالت میں پہلی پیشی آئندہ ماہ 13 فروری کےلیے مقرر ہے۔
ملزمہ کو قتل، ڈکیتی اور چوری کے الزامات کا سامنا ہے۔