الیکس ہلیز انگلینڈ کا دورہ بنگلہ دیش چھوڑ کر پی ایس ایل کھیلیں گے
منگل 31 جنوری 2023 12:05
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
الیکس ہیلز کا انتخاب اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹگری میں کیا تھا۔ (فوٹو: پی ایس ایل)
انگلینڈ کے اوپنر الیکس ہیلز نے اپنی ٹیم کا دورہ بنگلہ دیش چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی اخبار ’ٹیلگراف‘ کے مطابق الیکس ہیلز انگلینڈ کے ان کھلاڑیوں میں سے ہیں جن کے پاس اپنی ٹیم کا سینٹرل کانٹریکٹ موجود نہیں اور اگر وہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے پی ایس ایل کے میچ نہیں کھیل پاتے تو انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے الیکس ہیلز پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیلیں گے جہاں ان کا انتخاب 1 لاکھ 80 ہزار ڈالرز میں پلاٹینم کیٹیگری میں کیا گیا تھا۔
انگلینڈ میں جن کھلاڑیوں کے پاس سینٹرل کانٹریکٹ نہیں انہیں ایک ون ڈے میچ کے لیے 5000 پاؤنڈز جبکہ ایک ٹی20 میچ کے لیے 2500 پاؤنڈز بطور میچ فیس دی جاتی ہے جو کہ فرینچائز کرکٹ کے مقابلے میں کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر روب کی اور پرفارمنس ڈائریکٹر اس حوالے سے کافی لچک دکھاتے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ جن کھلاڑیوں کے پاس سینٹرل کانٹریکٹ نہیں ان پر انگلینڈ ٹیم کے لیے کھیلنے کا دباؤ ڈالنا درست نہیں۔
خیال رہے انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی20 اور تین ون ڈے میچ یکم مارچ سے 14 مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے ملتان میں شروع ہوگا اور میگا ایونٹ کا فائنل اس بار 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔