Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل میں مزید سٹار کھلاڑیوں کی واپسی، کون کس ٹیم میں؟

پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے ملتان میں شروع ہوگا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز کے سٹار آل راؤنڈر کیرون پولارڈ تین سال بعد ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ ہوں گے اور ایونٹ کا آٹھواں ایڈیشن ملتان سلطانز کے لیے کھیلیں گے۔
بدھ کی رات پاکستان کے شہر کراچی میں پی ایس ایل کا ’منی ڈرافٹ‘ ہوا جہاں ہر فرینچائز کو دو مزید کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا موقع دیا گیا۔
پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹر حارث سہیل جو 2020 کے بعد حال ہی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے ٹیم میں شامل کیے گئے تھے انہیں پشاور زلمی نے سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
سعود شکیل جنہوں نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
ایسے بھی کئی کھلاڑی ہیں جو اپنی ملکی مصروفیات کے سبب پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان میں افغانستان کے راشد خان بھی ایک ہیں جن کی جگہ اب دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے انگلینڈ کے سیم بلکنگز ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
پشاور زلمی نے ویسٹ انڈیز کے بیٹر رومین پاؤل کی جگہ انگلینڈ کے رچرڈ گلیسن اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹائمل ملز کی جگہ انگلینڈ کے گس ایٹکنسن کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک اور کھلاڑی ایلکس ہیلز بھی پی ایس ایل کا حصہ نہیں ہوں گے اس لیے ان کی جگہ افغانستان کے رحمان اللہ گُرباز کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے جنوبی افریقی پاور ہٹر ڈیوڈ ملز کی جگہ افغان بیٹر اظہار الحق نوید کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔
ڈائمنڈ کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اوڈین سمتھ اور جیسن روئے کی جگہ جنوبی افریقی آل راؤنڈر ڈیوائن پری ٹوریس اور انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے ملتان میں شروع ہوگا اور میگا ایونٹ کا فائنل اس بار 19 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: