Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل 8 شیڈول: کون سی ٹیم کب اور کہاں ایکشن میں ہو گی؟

پی ایس ایل 8 کا فائنل 19 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا (فائل فوٹو)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ملک کے چار شہروں لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے۔
جمعہ کو کی گئی پریس کانفرنس میں پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ رواں برس ہونے والے ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 13 فروری کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کا فائنل 19 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
دو مراحل پر مشتمل پی ایس ایل 8 کے پلے آف راؤنڈ کا کوالیفائر 15 مارچ، پہلا ایلیمینیٹر 16 مارچ اور دوسرا ایلیمینیٹر 17 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب 13 فروری کو پہلے میچ سے قبل ملتان میں ہوگی جبکہ اختتامی تقریب فائنل کے دن لاہور میں ہوگی۔
لیگ کے 11 میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ لاہور اور کراچی نو، نو میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ملتان میں پانچ میچز ہوں گے۔
کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونایئٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈز پر پانچ پانچ میچز کھیلیں گی جبکہ راولپنڈی میں 7 مارچ کو ایک ہی سٹیڈیم میں دو میچز یعنی ڈبل ہیڈر ہوگا۔

پی ایس ایل کے اس سیزن میں 36 سے زائد غیر ملکی کھلاڑی حصہ لیں گے جس میں عادل رشید، میتھیو ویڈ، وانندو ہاسارنگا، بھنوکا راجاپکسا، جمی نیشم اور تبریز شمسی جیسے نامور ٹی20 کھلاڑی شامل ہیں۔
رواں سال کے ایڈیشن کے دوران پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان ویمنز لیگ کے تین نمائشی میچ بھی کھیلے جائیں گے۔
لاہور قلندرز پی ایس ایل کے آٹھویں سیزن میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔

شیئر: