’شجاعت حسین ہی ق لیگ کے صدر‘، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا
’شجاعت حسین ہی ق لیگ کے صدر‘، الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا
منگل 31 جنوری 2023 11:56
الیکشن کمیشن نے کمیٹی کا جاری کردہ پارٹی الیکشن شیڈول بھی کالعدم قرار دے دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ق کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ’چوہدری شجاعت حسین ہی پارٹی کے قانونی صدر ہیں۔‘
منگل کو مسلم لیگ ق کی صدارت سے ہٹانے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کی برطرفی پارٹی آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے فیصلے میں کہا کہ ’سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی کارروائی بھی غیر قانونی ہے۔‘
الیکشن کمیشن نے کمیٹی کا جاری کردہ پارٹی الیکشن شیڈول بھی کالعدم قرار دے دیا ہے۔
پارٹی صدارت سے ہٹائے جانے کے خلاف چوہدری شجاعت نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی جس پر الیکشن کمیشن نے گزشتہ برس اگست میں فیصلہ محفوظ اور حکم امتناع پر چوہدری شجاعت حسین کو بحال کیا تھا۔
یاد رہے کہ 26 جنوری کو مسلم لیگ ق کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا تھا جس میں چوہدری شجاعت حسین کو پارٹی صدارت سے ہٹا کر چوہدری وجاہت حسین کو ق لیگ کا بلامقابلہ صدر منتخب کیا گیا تھا۔
چوہدری پرویز الٰہی کو پارٹی کا پنجاب کا بلامقابلہ صدر بھی منتخب کیا گیا تھا جبکہ طارق بشیر چیمہ کو ہٹا کر ان کی جگہ کامل علی آغا کو مرکزی جنرل سیکرٹری کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے 16 جنوری کو ق لیگ کو تحریک انصاف میں ضم کرنے سے متعلق بیان پر پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الٰہی کی پارٹی رکنیت معطل کردی تھی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ق کے مرکزی ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ ’مسلم لیگ چوہدری شجاعت کی تھی ہے اور رہے گی۔ آج الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کی پارٹی صدارت کے حوالے سے زبردست فیصلہ کیا جس سے سازشی عناصر کو شکست ہوِئی۔‘
مصطفی ملک کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ پارٹی کومضبوط کیا اب ان کی قیادت میں پارٹی کو مزید فعال، متحرک اور مضبوط کریں گے۔‘
فیصلے کے بعد مسلم لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ پارٹی رہنماؤں نے مصطفیٰ ملک،بیگم فرخ خان کو مبارکباد پیش کی، مٹھائی بانٹی اور پھول پیش کیے۔