Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب کے ضلع میانوالی میں پولیس سٹیشن پر ’دہشت گردوں کا حملہ پسپا‘

آئی جی پنجاب پولیس نے کہا کہ ’دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے‘ (فائل فوٹو: پنجاب پولیس)
پنجاب پولیس نے ضلع میانوالی کے ایک تھانے پر دہشت گروں کے حملے کو پسپا کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نایاب حیدر نے اردو نیوز کے نامہ نگار روحان احمد سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
ان کے مطابق ’دہشت گردوں نے منگل کی شام میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر حملہ کیا تھا۔‘
’حملہ آور دہشت گرد، پولیس جوانوں کی جوابی فائرنگ سے پسپا ہو کر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔‘
واقعے کے بعد ضلعی پولیس آفیسر (ڈی پی او) میانوالی محمد نوید مزید نفری کے ہمراہ تھانہ مکڑوال کی جانب روانہ ہو گئے۔
بعدازاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایس ایچ او مکڑوال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ایس ایچ او اور محرر کی حوصلہ افزائی کی۔‘
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس نے کہا کہ ’دہشت گرد عناصر کا تعاقب جاری رکھتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔‘
آئی جی پولیس نے سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور سپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ ’وہ آپریشن میں میانوالی پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کریں۔‘
اس ناکام حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکے میں 100 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر: