ملٹی پلیکس مالکان معذوروں کو سہولتیں دیں، رتک
ممبئی .... بالی وڈ اداکار رتک روشن نے ملک بھر کے ملٹی پلیکس مالکان سے معذوروں کو بنیادی سہولتیں مہیا کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کام کے لئے خود بھی مدد کرنے کی پیش کش کی ہے۔ رتک نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملٹی پلیکس اپنے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر کریں تاکہ معذوروں کو ملٹی پلیکس پہنچنے میں پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ”فلم برادری کا حصہ ہونے کے ناتے میں ملٹی پلیکس چین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ معذوروں کو ذہن میں رکھیں اور ان کے تئیں مناسب بنیادی سہولت پر کام کریں۔ بنیادی ڈھانچہ ایسا ہو کہ جس سے معذورافراد فلم کے بڑے اسکرین کے تجربے سے محروم نہ رہیں اور فلم دیکھنے جیسی معمولی سی چیز کے لئے انہیں دو بار سوچنا نہ پڑے۔ اگر میں اس پہل میں کچھ کام آ سکوں تو مجھے اس کام کے لئے مدد کرکے اچھا لگے گا۔“ اپنی پچھلی فلم ”قابل“' میں ایک معذور شخص کا کردار ادا کرنے والے رتک نے کہا کہ ہمارے ملک میں معذوروں کی بڑی تعداد کے باوجود بھی عوامی مقامات پر ان کے لئے سہولتیں نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے کرداروں کے ذریعے میں نے معذور لوگوں کی زندگی اور ان کے سامنے آنے والی چیلنجوں پر شدید سمجھ حاصل کی ہے۔ ایک بات جو میرے دماغ میں بار بار آتی ہے کہ، ان لوگوں کے لئے ہمارے عوامی مقامات کو آسانی سے قابل رسائی ہونا لازمی ہے۔ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ ابھی تک اس پر غور نہیں کیا گیا،جبکہ ہندوستان میں معذور افراد کی تعداد20 ملین سے بھی زیادہ ہے۔