’فلائنگ فوبیا‘ دبئی میں پانچ سال سے پھنسے غیرملکی کی وطن واپسی کیسے ہوئی؟
ایئرپورٹ آتا مگر یہاں پہنچتے ہی اس کی حالت خراب ہوجاتی تھی (فوٹو: سکرین گریب)
دبئی میں مقیم غیرملکی ایئرپورٹ کے اہلکار کی مداخلت سے بالآخر فضائی سفر کا خوف کو ختم کرنے میں کامیاب ہو گیا اور 5 برس بعد اپنے ملک واپس لوٹ گیا۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی ایئرپورٹ پر سروسز کے شعبے میں کام کرنے والے احمد عبدالباقی نے مسافر کے بارے میں بتایا کہ ایک غیرملکی جو گزشتہ 5 برس سے وطن جانے کے لیے ایئرپورٹ آتا مگر یہاں پہنچتے ہی اس کی حالت خراب ہو جاتی تھی جس کی وجہ سے وہ سفر کرنے کے قابل نہیں رہتا تھا۔
عبدالباقی کا مزید کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر غیرملکی کی حالت دیکھ کر جب اس کے ساتھ آنے والے اس کے بھائی سے دریافت کیا تو اس نے بتایا کہ یہ پانچواں سال ہے جب بھی ہم اپنے بھائی کا ٹکٹ لے کراسے ایئرپورٹ چھوڑنے آتے ہیں یہاں آتے ہی اس کی طبیعت خراب ہو جاتی ہے اور ہم مجبورا اسے واپس لے جاتے ہیں۔
ایئرپورٹ پر مسافر کی یہ کہانی سن کرعبدالباقی نے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کیں جس نے متعدد سیشنز کیے اور بتایا کہ یہ شخص ’فلائنگ فوبیا‘ کے مرض میں مبتلا ہے جس کا علاج کیا جانا ضروری ہے۔
دبئی ایئرپورٹ کے اہلکار عبدالباقی نے مسافر کی ہسٹری دیکھ کر اس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور نفسیاتی طریقےاستعمال کیے جس سے اس کا خوف ختم ہوا اور بالاخر وہ 5 برس بعد اپنے وطن پہنچ گیا۔